چیچہ وطنی پولیس نے 9 روز قبل اغوا ہونے والی طالبہ اور اس کے بھائی کو بازیاب کرا لیا
چیچہ وطنی (چیچہ وطنی نیوز – 17 دسمبر 2021 – ارشد فاروق بٹ) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ساہیوال صادق بلوچ کی بھرپور توجہ اور رہنمائی میں رانا اکمل رسول ڈی ایس پی چیچہ وطنی کی سربراہی میں پولیس کی ایک ٹیم نے مغوی لڑکی اور اس کے بھائی کو بازیاب کرالیا۔
ہائی سکول کی طالبہ لائبہ اور اس کے بھائی معظم کو 9 روز قبل چیچہ وطنی شہر سے سابقہ دشمنی پر اغوا کیا گیا تھا۔ جن کو دن رات کی انتھک محنت کے بعد ملزمان کی گرفت سے بازیاب کرایا گیا ہے۔
اس حوالے سے ڈی ایس پی آفس چیچہ وطنی میں میڈیا بریفنگ اور قانونی کارروائی کے بعد دونوں بچوں کو ان کے والدین کے حوالے کر دیا گیا۔
چیچہ وطنی شہر سے تقریباً 9 روز قبل اغوا ہونے والے بچوں کو چیچہ وطنی سٹی پولیس نے میاں چنوں کے علاقے سے بازیاب کرایا ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق کچھ مشتبہ افراد کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔ تاہم پولیس نے باضابطہ اعلان نہیں کیا۔
بازیاب ہونے والے بچوں کے مطابق انہیں اغوا کاروں نے کوئی نقصان نہیں پہنچایا۔ دونوں بچوں کو ڈی ایس پی آفس چیچہ وطنی میں والدین کے حوالے کر دیا گیا ہے۔