منٹگمری ہال میں اینٹی ڈینگی سرگرمیوں کا ہفتہ وار جائزہ اجلاس
ساہیوال (چیچہ وطنی نیوز – ارشد فاروق بٹ) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نعمان افضل کی زیر صدارت ڈی سی آفس کے منٹگمری ہال میں اینٹی ڈینگی سرگرمیوں کا ہفتہ وار جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں تمام متعلقہ محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔ اے ڈی سی جنرل نعمان افضل نے گزشتہ میٹنگ میں جاری کیے احکامات پر عمل درآمد کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے محکموں پر ناراضگی کا اظہار کیا اور کہا کہ اس سلسلہ میں کسی قسم کو کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے تمام محکموں کو ڈینگی پر قابو پانے کیلئے انسدادی کاروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کی۔ اینٹمالوجسٹ صارفہ عاشق نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یکم جنوری سے اب تک ضلع ساہیوال میں 315 مشتبہ مریض رپورٹ ہوئے ہیں. ان میں سے 59 صرف پچھلے ایک ہفتہ کے دوران سامنے آئے ہیں تاہم کوئی کیس کنفرم نہیں ہوا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ محکمہ صحت کی ان ڈور ٹیموں نے 97 ہزار 730 گھروں کو اور ایک لاکھ 49ہزار 451 کنٹینرز کو چیک کیا. جبکہ آوٹ ڈور ٹیموں نے 15 ہزار 30 گھروں اور 20 ہزار 626 کنٹینرز کو چیک کیا. اس دوران کہیں سے بھی ڈینگی لاروا برآمد نہیں ہوا۔