ساہیوال : عارف والا پل غیر قانونی ہائی ایس اسٹینڈ بن گیا، انتظامیہ خاموش تماشائی
ساہیوال ( چیچہ وطنی نیوز – ارشد فاروق بٹ ) جنرل بس اسٹینڈ کے نزدیک عارف والا پل پر غیر قانونی ہائی ایس اسٹینڈ بن گیا. انتظامیہ خاموش تماشائی کا کردار ادا کرنے لگی.
تفصیلات کے مطابق عارف والا پل ساھیوال شہر بیرونی اہم چوک ہے جہاں سے عارف والا، ملتان، لاہور و دیگر علاقوں کی تمام ٹرانسپورٹ گزرتی ہے.
ساہیوال میں ڈسٹرکٹ گورنمنٹ ساہیوال نے 6 چھ عدد ویگن اسٹینڈ اور بڑی ٹرانسپورٹ کے لئے لاری اڈے بنا رکھے ہیں تاکہ دور دراز سے آنے اور جانے والے مسافر حضرات کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے.
مگر ساہیوال ٹریفک پولیس کی ہٹ دھرمی اور ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی سرپرستی میں غیر قانونی طور پر عارف والا پل کے اوپر ویگن اسٹینڈ بن گیا ہے.
ذرائع کے مطابق عارف والا پل پر روزانہ سو سے زائد گاڑیاں نکلوائی جا رہی ہیں جس کا روزانہ کی بنیاد پر ہزاروں روپے بھتہ وصول کیا جارہا ہے. بھتہ وصول کرنے والے افراد عرصہ دراز سے غیرقانونی ویگن اسٹینڈ چلا رہے ہیں.
معززین علاقہ اور نزدیکی کالونیوں کے رہائشیوں نے کمشنر ساہیوال سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ عارف والا پل پر غیرقانونی ہائی ایس سٹینڈ کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جاسکے اور عوام کی جان و مال کو محفوظ رکھا جا سکے.