محکمہ جنگلات کی غفلت سے سرسبز چیچہ وطنی جنگل کا صفایا ہو رہا ہے

چیچہ وطنی نیوز : جنگل میں جانور چرانے پر پابند ی کے باوجود بیلداروں اور دیگر عملہ کے ہزاروں جانور سرسبز جنگل کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ جنگلات کی طرف سے سرسبز پاکستان مہم کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں۔ جنگل میں ہزاروں جانورجنگل کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ قیمتی لکڑی چوری کے ساتھ ساتھ جنگل میں موجود جانور لگائے جانےوالے پودوں کا صفایا کردیتے ہیں۔

پاکستان کے دوسرے بڑے مصنوعی فاریسٹ سے قیمتی درخت ریشم ، کیکر وغیرہ ناپید ہوتے جارہے ہیں۔ علاوہ ازیں جنگل کے ساتھ قائم بھٹیوں میں جنگل سے چوری کی گئی لکڑی دھواں بنا کر اڑائی جارہی ہے۔ محکمہ جنگلات کی ملی بھگت سے گورنمنٹ کو ہر روز لاکھوں کا ٹیکا لگایا جارہا ہے ۔

متعدد بار نشاندہی کے باوجود متعلقہ افسران کی چشم پوشی سوالیہ نشان ہے۔ ایک طرف سرسبز پاکستان مہم اور دوسری طرف محکمہ کے افسران ، گارڈ ،بلاک آفیسر روزانہ محکمہ کے لاکھوں روپے کا نقصان کر رہے ہیں ۔ محکمہ کی طرف سے چند ایک کارروائی کے سوا کوئی بڑی کارروائی نہیں کی گئی۔

جبکہ ڈی ایف او چیچہ وطنی محمد صدیق ڈوگر نے اپنا موقف دیتے ہوئے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت کے جنگلات کے بارے میں کیے گئے اقدامات میں پنجاب بھر میں جانوروں کی چرائی پر پابندی لگا ئی ہوئی ہے۔ چیچہ وطنی میں بھِی جسطرح ہمیں اوپر سے ہدایات ملی ہیں ان احکامات پر عمل درآمد کیا جارہا ہے ۔

بیلداروں اور سب عملہ کو سختی سے منع کیا گیا ہے کہ وہ جانور یہاں سے نکال لیں ۔ انکا مزید کہنا تھا کہ بیلداروں کی طرف سے درخواست کی گئی ہے کہ چند دن کی مہلت دی جائے تاکہ ہم اپنے جانور فروخت کرسکیں۔

جانوروں کو پانی پلانے کی اجازت ہے ۔تاہم محکمہ کی طرف سے کسی کو بھی کھلے عام جانور فروخت کرنے کی اجازت نہیں دی جائیگی ۔
شہریوں نے وزیر اعظم پاکستان ، وزیر اعلی پنجاب ، وزیر جنگلات سے فوری نوٹس کا مطالبہ کیا ہے.

اس کیٹیگری سے مزید خبریں پڑھیے
اپنی رائے کااظہار کیجئے

Your email address will not be published.