سرکاری ریسٹ ہاؤسز عوام کے لئے کھولنے پر کام شروع کر دیا گیا
چیچہ وطنی نیوز: عوام کے لئے اچھی خبر سرکاری ریسٹ ہاؤسز عوام کے لئے کھولنے پر کام شروع کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر وزیر سیاحت پنجاب راجہ یاسر ہمایوں کی زیر صدارت سیکرٹری سیاحت کے آفس میں اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں سیکریٹری سیاحت ندیم محبوب ، ایم ڈی ٹی ڈی سی پی احمد ملک سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ وزیر سیاحت کو مختلف محکموں کی جانب سے ریسٹ ہاؤسز کی تفصیلات فراہم کی گئیں ۔ وزیر سیاحت پنجاب نے سیاحتی مقامات پر واقع تمام محکموں کے ریسٹ ہاؤسز کے حوالے سے دس دن میں رپورٹ طلب کر لی۔ وزیر سیاحت راجہ یاسر ہمایوں تفصیلات سے وزیر اعظم عمران خان کو آگاہ کریں گے۔
وزیر اعظم کے احکامات کے مطابق تمام محکمے ریسٹ ہاؤسز عوام کے لئےکھولنے کے پابند ہیں۔ سیاحت کے لئے موزوں اضلاع میں موجود ریسٹ ہاؤسز سے متعلق تفصیلات آئندہ میٹنگ میں پیش کی جائیں۔
ان اضلاع میں مری۔ کوٹلی ستیاں، ٹیکسلا، چکوال، کلرکہار، چوئے سیدن شاہ، جہلم ، پنڈ دادن خان، ٹلہ جوگیاں، سہاوا، اٹک، میانوالی، خوشاب، لاہور، ننکانہ صاحب، بہاولپور، فورٹ منرو، سلیمان رینج شامل ہیں۔ ریسٹ ہاؤسز کی بکنگ کا طریقہ کار آن لائن ہوگا۔
ریسٹ ہاؤسز کی ملکیت اور دیکھ بھال سے متعلق امور متعلقہ محکمہ کے پاس ہی رہیں گے۔
محکمہ کے افسران محکمانہ ذمہ داریوں کے لئے ریسٹ ہاؤس استعمال کر سکیں گے۔ ریسٹ ہاؤس کا کرایہ بھی متعلقہ محکمہ حاصل کرے گا۔
پچھلے ادوار میں تعلقات کی بنا پر ریسٹ ہاؤسز طاقتور لوگ استعمال کر رہے تھے، اب ایسا نہیں ہوگا۔
تحریک انصاف کی حکومت میں عام آدمی بھی سرکاری ریسٹ ہاؤسز استعمال کر سکے گا۔ ٹی ڈی سی پی اور متعلقہ محکمہ اپنی ویب سائٹ پر خالی ریسٹ ہاؤسز کے حوالے سے تفصیلات جاری کرے گا۔
لوگ TDCP اور متعلقہ محکمہ کی ویب سائٹ سے ریسٹ ہاؤسز کو بک کروا سکیں گے۔ پنجاب حکومت ریسٹ ہاؤسز کی تزین و آرائش اور قابل استعمال بنانے کے کئے فنڈز فراہم کرے گی۔
وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق حکومت پنجاب عوام کو ہر سہولت فراہم کرے گی۔ ریسٹ ہاؤسز کھولنے سے عوام کو سہولت کے ساتھ حکومت کو سرمایہ بھی حاصل ہو گا.