چیچہ وطنی: نواحی گاؤں میں بااثر افراد کا خواتین پر تشدد
چیچہ وطنی نیوز: با اثر 19 افراد نے ہمارے گھر میں داخل ہو کر خواتین کو تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں بے آبرو کرنے کی کوشش کی، گھریلو سامان توڑ پھوڑ دیا، جبکہ احاطے میں کھڑی کار کو بھی شدید نقصان پہنچایا۔
نواحی گاؤں107 بارہ ایل کے رہائشی مختار احمد ولد انور نے خواتین کے ہمراہ چیچہ وطنی پریس کلب میں احتجاج کرتے ہوئے بتایا کہ ہم نے اپنے ہی گاﺅں کے باثر زمینداروں کے خلاف مقدمہ درج کروایا تھا.
اسی رنجش پر گزشتہ روز انشاءاللہ ولد محمد سلیم اعوان، بلال ولد جبار اعوان، اشفاق ولد ماجا، جنید ولد محفوظ، فیصل ولد لطیف، دانش ولد الطاف، توصیف، عدیل ولد اشفاق نے اپنے دس نامعلوم ساتھیوں کے ہمراہ ہمارے گھر پر حملہ کر دیا.
گھر میں موجود خواتین شازیہ بی بی ، روبیل کلثوم اور ناہید بی بی کو تشدد کا نشانہ بنانا شروع کر دیا، جب ہم نے روکنے کی کوشش کی تو ملزمان نے پسٹل کے بٹ مار مار کےہمیں شدید زخمی کر دیا.
ہماری خواتین کی پسلیوں پر بھی پسٹل کے بٹ مارے اور انہیں بے آبرو کرنے کی کوشش کی، اس دوران ان کے کپڑے بھی پھاڑ دئیے، احاطہ میں کھڑی کار کے شیشے توڑ دئیے، ملزمان ہوائی فائرنگ بھی کرتے رہے۔
ہماری چیخ و پکار پر لوگ آ گئے جنہوں نے ملزمان کی منت سماجت کر کے ہماری جان بچائی۔ متاثرہ خاندان نے چیچہ وطنی پریس کلب کی وساطت سے وزیر اعلیٰ پنجاب، آئی جی پنجاب اور ڈی پی او ساہیوال سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔