چیچہ وطنی نیوز: مویشی چوری کی بڑھتی وارداتوں کے خلاف دیہاتیوں کا احتجاج
چیچہ وطنی نیوز (اسد ملک سے) مویشی چوری کی بڑھتی ہوئی واداتوں کیخلاف نواحی گاوں 116 بارہ ایل کے دیہاتیوں کا احتجاجی مظاہرہ، جی ٹی روڈ بلاک، گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں ، ٹریفک جام، مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا،
تفصیلات کے مطابق چیچہ وطنی سرکل میں آئے روز مویشی چوری کی وارداتیں معمول بن چکی ہیں ، پولیس بے بس اور تماشائی کا کردار ادا کررہی ہے ، ایسا لگتا ہے جیسے سرکل چیچہ وطنی میں ڈاکوراج لگا ہوا ہے ، گذشتہ رات بھی گاوں 116 بارہ ایل سے درجنوں مویشی چوری ہوئے .
میڈیا سے بات کرتے ہوئے دیہاتیوں کا کہنا تھا کہ ان کا کوئی پرسان حال نہیں ، چور ڈالا یا ٹرک لے کر آتے ہیں تو اطمینان سے پورا ٹرک لوڈ کر کے لے جاتے ہیں مگر پولیس کے کان پہ جوں تک نہیں رینگتی ، جب تھانے ایف آئی آر درج کروانے جائیں تب بھی کوئی شنوائی نہیں ہوتی اور ایف آئی آر کے اندراج کے لئے بیسیوں چکر لگوائے جاتے ہیں.
انہوں نے ڈی پی او ساہیوال اور وزیراعلی پنچاب سے اس ابتر صورتحال کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ سرکل چیچہ وطنی میں ایماندار اور محنتی آفیسرز کا تقرر کیا جائے تاکہ انہیں اس ظلم سے نجات حاصل ہو ، آخری اطلاعات آنے تک جی ٹی روڈ ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بلاک ہے۔