وزیر اعلی پنجاب ٹیلنٹ ہنٹ کے مقابلوں کے شیڈول کا اعلان
ساہیوال (چیچہ وطنی نیوز – ارشد فاروق بٹ) ساہیوال آرٹس کونسل کے زیر اہتمام وزیر اعلی پنجاب ٹیلنٹ ہنٹ کے مقابلوں کے شیڈول کا اعلان کر دیا گیا ہے.
جس کے تحت ضلعی سطح کے مقابلےاوکاڑہ میں 3 مارچ کو آرٹس کونسل، پاکپتن کے مقابلے 5 مارچ کو ایم سی ہال نزد عید گاہ اور ضلع ساہیوال کے مقابلے 8 مارچ کو گورنمنٹ امامیہ کالج میں منعقد ہونگے.
یہ بات ڈائریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل ڈاکٹر سید ریاض ہمدانی نے ایک پریس ریلیز میں بتائی. انہوں نے کہا کہ ضلعی سطح پر ہونے والے مقابلے موسیقی ، مصوری ، دستکاری ، لوک رقص ، ادب اور تھیٹر کے شعبوں میں منعقد ہونگے جن کے لئے رجسٹریشن مکمل کی جا چکی ہے.
انہو ں نے کہا کہ ان مقابلوں میں کامیابی حاصل کرنے والے نوجوانوں کو نقد انعام بھی دیئے جائیں گے جس کے لئے تمام شعبوں کے ماہرین پر مشتمل ججز کمیٹیاں بھی تشکیل دیدی گئی ہیں.
ضلعی سطح پر پوزیشن حاصل کرنے والے نوجوان ساہیوال میں منعقدہ ڈویژنل مقابلوں میں اپنے اپنے ضلع کی نمائندگی کریں گے . انہوں نے شرکاء سے اپیل کی کہ وہ مقابلوں میں شرکت کے لئے صبح ساڑھےسات بجے تک وینیوز پرپہنچ جائیں .