ڈپٹی کمشنر ساہیوال کی مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد

ساہیوال ( چیچہ وطنی نیوز – 25 دسمبر 2021 – سلمان خالد ) ڈپٹی کمشنر واجد علی شاہ نے مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پوری پاکستانی قوم کرسمس کی خوشیوں میں اپنے مسیحی بھائیوں کے ساتھ شریک ہے.
ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کی ہدایت پر تمام گرجا گھروں کے اطراف صفائی، لائٹنگ و سکیورٹی کے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں. تمام مسیحی برادری کو کرسمس پر مبارکباد پیش کرتے ہیں. اسلام ہمیں مساوات اور امن و آشتی کا درس دیتا ہے. اسلام اعلیٰ انسانی اقدار کے حامل معاشرے کاپیغام لے کر آیا ہے اور اقلیتوں کو وطن عزیز میں دوسرے شہریوں کے برابر حقوق حاصل ہیں.
ڈپٹی کمشنر کا مزید کہنا تھا کہ مسیحی برادری کی جان و مال، عزت و آبرو کے تحفظ کیلئے ہر دم کوشاں ہیں. ہم سب مل کر پاکستان کو امن، خوشحالی کا گہوارہ بنائیں گے.
ڈپٹی کمشنر ساہیوال سید واجد علی شاہ نے ریجنل پولیس آفیسر ساہیوال ڈاکٹر معین مسعود اور ڈی پی او ساہیوال صادق بلوچ کے ہمراہ گوسپل چرچ فرید ٹاؤن کا دورہ کیا.
آر پی او ساہیوال ڈاکٹر معین مسعود نے چرچ کی سیکیورٹی چیک کی اور کرسچین کمیونٹی کو تحفظ کی یقین دہانی کرائی اور تمام چرچ ہاۓ کی فول پروف سیکیورٹی کا حکم دیا.
بعدازاں آر پی او ساہیوال نے ساہیوال چرچ کونسل کے ارکان کے ساتھ ملاقات کی. انکی خوشیوں میں شرکت کی اور کرسمس کیک کاٹ کر کرسچین کمیونٹی کو مبارکباد دی.