وزیر اعلیٰ پنجاب کی ڈی ایچ کیو ساہیوال آمد، ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچانے،زخمی بچوں کی کفالت کا اعلان

چیچہ وطنی نیوز: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ڈی ایچ کیو ساہیوال آمد ، سی ٹی ڈی اہلکاروں کے ہاتھوں جاں بحق ہونیوالے افراد کے اہلخانہ سے ملاقات کی اورانصاف کا یقین دلایا ، وزیر اعلیٰ نے زخمی بچوں کی عیادت بھی کی ، واقعہ کے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچانے اوربچوں کی کفالت کا اعلان کیا ۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ آج جوواقعہ ہواہے ،اس کا فوری نوٹس لیا گیا اور معاملے کی سنجیدگی کو دیکھتے ہوئے فوری طور پر ایڈیشنل آئی جی کی سربراہی کی میں جے آئی ٹی تشکیل دیدی گئی ہے جس میں ایجنسیوں کے نمائندے بھی شامل ہونگے، جے آئی ٹی 72گھنٹے میں رپورٹ پیش کرے گی ۔
انہوں نے کہا کہ جو بھی اس واقعہ میں ملوث ہونگے ،ان کو قرارواقعی سزا دی جائے گی اور عبرت کا نشان بنایا جائیگا ، بچوں کی کفالت حکومت خود کرے گی ، ان لوگوں کے ساتھ انصاف ہوگا اور کسی کی ساتھ زیادتی نہیں ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر انصاف ہوتا ہوا نظر آئے گا ،سی ٹی ڈی کے اہلکار اس وقت پولیس کی حراست میں ہیں، تفتیش مکمل ہونے پر حقائق سامنے لائے جائیں گے ۔
اس موقع پر آئی جی پنجاب امجد جاوید سلیمی کا کہنا تھا کہ سی ٹی ڈی اہلکاروں کیخلاف تفتیش کی جائیگی اور جو بھی ذمہ دار ہونگے ان کے ساتھ عام ملزموں جیسا سلو ک کیا جائیگا اور کوئی رعایت نہیں برتی جائیگی۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے واقعہ ساہیوال کانوٹس لیکر وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو ساہیوال پہنچنے اور واقعہ میں جاں بحق ہونیوالوں کے ورثا سے ملاقات کی ہدایت کی تھی ۔

اس کیٹیگری سے مزید خبریں پڑھیے
اپنی رائے کااظہار کیجئے

Your email address will not be published.