ہفتہ , جولائی 24 2021
commissioner sahiwal meeting

کمشنر ساہیوال کی زیر صدارت ترقیاتی سکیموں کا جائزہ اجلاس

ساہیوال (چیچہ وطنی نیوز – 19 جولائی 2021) سالانہ ترقیاتی پروگرام سال 2021-22 میں ساہیوال ڈویژن کیلئے 117 نئی سکیموں پر کام کا آغاز کرنے کے لئے منظوری کا عمل جاری ہے۔

تینوں اضلاع کی ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمیٹیوں نے 51 سکیموں کی منظوری دے دی ھے جبکہ ڈویژنل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے دائرہ اختیار میں آنے والی 30سکیموں کی منظوری 27جولائی کے اجلاس میں دے دی جائے گی۔

یہ بات کمشنر آفس میں ہونے والے ایک اجلاس میں ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اینڈ فنانس احمد خاور شہزاد نے بتائی جس میں موجودہ مالی سال کی نئی ترقیاتی سکیموں کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کی صدارت کمشنر ساہیوال ڈویژن علی بہادر قاضی نے کی جبکہ اس میں تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز بابر بشیر، کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز اور رانا شکیل اسلم، ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، پرنسپل ساہیوال میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد راشد قمر راؤ، ڈائریکٹر ہیلتھ ڈاکٹر صادق سلیم کمبوہ، ڈائریکٹر کالجز پروفیسر محمد مسعود فریدی اور ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ عابد حسین شیخ سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں ایکسین بلڈنگ ذوالفقار علی تبسم نے بتایا کہ 5ارب 54 کروڑ 40 لاکھ روپے کی خطیر رقم سے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال میں نئے بلاک کی تعمیر دسمبر تک مکمل کر لی جائے گی جس پر کمشنر علی بہادر قاضی نے اطمینان کا اظہار کیا اور پرنسپل کو ہدایت کی کہ جنوری سے شعبوں کو نئے بلاک میں شفٹ کر دیا جائے تاکہ مریضوں کو علاج کی جدید سہولیات مل سکیں۔

ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ احمد خاور شہزاد نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ تمام نئے منصوبوں کے پی سی ون بروقت مکمل کر لئےجائیں تاکہ انہیں 27 جولائی کے اجلاس میں منظور کیا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے