ہفتہ , جولائی 24 2021

کمشنر ساہیوال ڈویژن کی زیر صدارت خدمت آپ کی دھلیز پر کا جائزہ اجلاس

کمشنر ساہیوال ڈویژن بابر بشیر نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے ’خدمت آپ کی دھلیز پر‘ پروگرام سے شہری سہولیات کی فراہمی میں نمایاں بہتری آئی ہے اور شہریوں نے مثبت فیڈ بیک دیا ہے جو تمام اداروں کیلئے اطمینان کا باعث ہے۔

ضرورت اس امر کی ہے کہ 28جون سے شروع ہونے والے دوسرے مرحلے میں بھی خدمت کے اسی اعلیٰ معیار کو برقرار رکھا جائے۔ انہوں نے یہ بات کمشنر آفس میں پروگرام کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اظہر دیوان، چیف میٹروپولیٹن آفیسر فرمائش علی خان، چیف آفیسر تحصیل کونسل شہزاد اقبال قریشی اور اے سی ریونیو فضائل مدثر کے علاوہ متعلقہ محکموں کے افسران نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ 3 ہفتے تک جاری رہنے والے پروگرام کے پہلے مرحلے میں 31مئی سے 20جون تک ڈویژن کے تمام میونسپل اداروں نے 192405سرگرمیاں کیں جس سے صفائی کی صورتحال، سیوریج لائنوں کی بہتری، دیہات سے کوڑے کے ڈھیروں کا خاتمہ، برساتی نالوں کی صفائی اور عوام میں صحت کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے کی مہم مکمل کی گئی۔ ان میں ضلع ساہیوال میں 75355، ضلع اوکاڑہ میں 64609 اور ضلع پاک پتن میں 52441 سرگرمیاں بھی شامل ہیں۔

کمشنر بابر بشیر نے ہدایت کی کہ 5 ہفتوں کے دوسرے مرحلے کیلئے بھی تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں اور سرکاری عمارات کی عمومی بہتری اور صفائی پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے۔ انہوں نے سٹیزن فیڈ بیک سسٹم کو مزید موثر بنانے کی بھی ہدایت کی جس پر ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اظہر دیوان نے بتایا کہ ’خدمت آپ کی دہلیز پر‘ پروگرام کے پہلے مرحلے میں شہریوں کی طرف سے کل 719شکایات موصول ہوئیں جس میں سے 670 کو حل کر لیا گیا ہے .

ان میں ضلع ساہیوال کی 228شکایات میں سے 124، ضلع اوکاڑہ کی 240میں سے 215 اور ضلع پاک پتن کی 246 میں سے 231شکایات کو حل کیا گیا جبکہ 77شکایات غیر متعلقہ تھیں اسطرح شکایات کے حل کا تناسب 79فیصد رہا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے