کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد، ساہیوال کیمپس میں پنجاب کلچرل ڈے کا اہتمام
ساہیوال (چیچہ وطنی نیوز – ارشد فاروق بٹ) کسی بھی ملک کی ترقی اور اس کے نوجوانوں کے ذہنی ارتقا کا اندازہ وہاں کی تعلیمی حالت سے بخوبی لگایا جاسکتا ہے۔
تعلیم صرف درسی کتب اور لیکچر تک محدود نہیں، بلکہ ہم نصابی سرگرمیاں بھی اس کا حصہ ہوتی ہیں، جن سے طلباء کی ذہنی، جسمانی اور اخلاقی نشوونما ہو تی ہے۔
یہ بات ڈپٹی کمشنر ساہیوال محمد اویس ملک نے کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد، ساہیوال کیمپس میں کلچرل ڈے کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد، ساہیوال کیمپس میں سٹوڈنٹ ویک سپرنگ 2022 کی تقریبات جاری ہیں جہاں سٹوڈنٹ سوسائیٹیز نے ہفتہ بھر جاری رہنے والی کھیلوں اور دیگر تقریبات میں بھرپور حصہ لیا۔
پنجاب حکومت کی جاری کردہ ہدایات کی روشنی میں پنجاب کلچرل ڈے کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں ڈائریکٹر کونسل آف دی آرٹس ڈاکٹر ریاض ہمدانی، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز محمدعقیل اشفاق، طلبا و طالبات، اساتذہ، سول سوسائٹی اور صحافی برادری نے شرکت کی۔
کلچرل ڈے کی تقریب میں طلبا و طالبات نے پنجابی رہتل سے متعلق کپڑے زیب تن کیے، روائتی ڈانسز اور ڈرامہ کی پرفارمنسز بھی پیش کیں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ انہیں خوشگوار حیرت ہوئی ہے کہ ساہیوال کی دھرتی پر ایک ایسا ادارہ موجود ہے جو بین الاقوامی طرزِ تعلیم کی خدمات سر انجام دے رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ثقافت اور رہن سہن کسی بھی قوم کا سرمایہ ہے اور اس کی حفاظت بھی اسی قوم کی ذمہ داری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ضلعی حکومت پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپس کے ذریعے پنجاب اور خصوصاً ساہیوال کے کلچر کو بڑھانے کے لیے سرگرمِ عمل ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جب کوئی نوجوان ملازمت کے لیے درخواست دیتا ہے تو تعلیمی سرٹیفکٹ کے ساتھ مختلف سرگرمیوں یعنی مختلف کھیلوں، اسکاؤٹنگ اور اسکول، کالج کے میگزین میں حصے لینے پر ملنے والے سرٹیفکٹ بھی لگاتا ہے، تاکہ اضافی کارکردگی بھی سامنے آسکے۔
یہ وہ صلاحیتیں ہوتی ہیں جو نوجوان کی شخصیت و کردار کو مضبوط کرتی ہیں۔ طلبا اسکول،کالج میں تقریری مقابلوں میں حصہ لے کر مستقبل کے اچھیمقرر بن سکتے ہیں اور سیاست دان یا معاشرے کا مفید کارآمد ترجمان بن کر معاشرے کے پیچیدہ مسائل کے لئے آواز بھی بلند کر سکتے ہیں۔
ڈائریکٹر کامسیٹ ساہیوال کیمپس پروفیسر ڈاکٹر نذیر احمد ظفر نے پنجابی میں تقریر کی اور کہا کہ ہمیں اپنی پنجابی رہتل پر مان ہونا چاہیئے، کیونکہ ہماری اس رہتل کی تاریخ بہادری، شجاعت اور محبت و امن کا درس دیتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج کے پنجابی نوجوان اپنی رہتل سے دور ہوتے جا رہے ہیں لہٰذا تعلیمی اداروں میں کلچرل ڈے منا کر ہم نوجوان نسل کو بتا سکتے ہیں کہ ان کی ثقافت کتنی زندہ اور بھرپور ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوفیا اکرام نے پنجابی زبان کے ذریعے اسلام کا خوب پرچار کیا ہے اور اسلامی درس اصل معنوں میں اس سرزمین تک پہنچایا ہے۔ تقریب کے آخر میں کیمپس ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر نذیر احمد ظفر نے مہمانِ خصوصی ڈپٹی کمشنر ساہیوال محمد اویس ملک کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔
ڈی سی ساہیوال نے اس موقع پر پودا لگا کر کیمپس میں شجرکاری مہم بہار 2022 کا بھی افتتاح کیا اور کیمپس کی خوبصورتی کی تعریف کی۔