ڈپٹی کمنشر کا پوٹیٹو ریسرچ انسٹی ٹیوٹ اور کاٹن ریسرچ سٹیشن کا دورہ

ساہیوال (چیچہ وطنی نیوز – ارشد فاروق بٹ) ڈپٹی کمشنر محمد اویس ملک نے کہا ہے کہ زرعی شعبے میں زیادہ پیداوار حاصل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ ملک کی بڑھتی ہوئی غذائی ضروریات ملکی پیداوار سے پوری ہوں اور خوراک کی درآمد پر خرچ ہونے والا اربوں ڈالر کا قیمتی زرمبادلہ بچایا جا سکے۔
حکومت زرعی تحقیق کے شعبوں کو درکار فنڈز فراہم کر رہی ہے جس سے تحقیق کا عمل تیز ہوا ہے اور مختلف اجناس کی فی ایکڑ پیداوار میں بھی اضافہ ہو ا ہے۔
انہوں نے یہ بات پوٹیٹو ریسرچ انسٹی ٹیوٹ اور کاٹن ریسرچ سٹیشن کے دورے کے دوران کہی جس میں انہوں نے ان دونوں اداروں میں ہونے والے تحقیقاتی کام کا تفصیلی جائزہ لیا۔
پوٹیٹو ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر سید اعجاز الحسن اور کاٹن ریسرچ سٹیشن کے پرنسپل سائنٹسٹ حفیظ الرحمن نے اپنے اپنے اداروں کے کام کے حوالے سے بریفنگ دی اور دونوں اداروں میں ہونے والے تحقیقی کام سے آگاہ کیا۔
ڈپٹی کمشنر محمد اویس ملک نے کہا کہ آلو پوری دنیا میں بنیادی غذا کے طور پر استعمال ہو رہا ہے اور آلو کی مختلف مصنوعات متعارف کروا کر قیمتی زرمبادلہ بھی حاصل کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے ساہیوال ڈویژن کو آلو کی پیداوار کیلئے مثالی علاقہ قرار دیا اور کہا کہ ضلعی انتظامیہ پوٹیٹو ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کو ضروری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائے گی تاکہ آلو کی زیادہ پیداوار دینے والی مزید اقسام تیار کی جا سکیں۔
کاٹن ریسرچ سٹیشن کے دورے کے موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد اویس ملک نے کپاس کی پیداوار میں اضافے کو وقت کی ضرورت قرار دیا اور کہا کہ ساہیوال کو دوبارہ کاٹن زون بنانے کی کوشش کی جانی چاہیے۔
انہوں نے کاٹن ریسرچ سٹیشن کی 62 ایکڑ اراضی ناجائز قابضین اور 25 ایکڑ اراضی ایک نجی سیڈ کمپنی سے واگزار کرانے کی یقینی دہانی کرائی تاکہ سٹیشن اپنی تحقیق کے کام کو انجام دے سکے۔