کورونا ویکسین : ساہیوال ڈویژن پنجاب بھر میں سرفہرست

ساہیوال (چیچہ وطنی نیوز – ارشد فاروق بٹ) کورونا ویکسین گھر گھر جا کر لگانے کے دوسرے مرحلے کے اعداد و شمار جاری، ساہیوال ڈویژن 113 فیصد کوریج کے ساتھ پورے پنجاب میں سر فہرست.
ساہیوال ڈویژن میں 16 لاکھ 25 ہزار سے زائد اہل افراد کو ویکسین لگائی گئی، کمشنر علی بہادر قاضی اور ڈائریکٹر ہیلتھ ڈاکٹرصادق سلیم کمبوہ کی مبارکباد، محکمہ صحت کی فیلڈ ٹیموں کی محنت سے ڈویژن میں کورونا قابو رہا، کمشنر ساہیوال ڈویژن علی بہادر قاضی-
تفصیلات کے مطابق حکومت پنجاب نے کورونا ویکسین گھر گھر جا کر لگانے کے دوسرے مرحلے کے اعدادوشمار جاری کر دیئے ہیں. جس کے مطابق ساہیوال ڈویژن 113 فیصد کوریج کے ساتھ پورے پنجاب میں سر فہرست رہا-
دوسرا مرحلہ صوبہ بھر میں یکم دسمبر سے 31دسمبر تک جاری رہاجس دوران ساہیوال ڈویژن میں 16 لاکھ 25 ہزار سے زائد اہل افراد کو ویکسین لگائی گئی جن میں ضلع ساہیوال میں5 لاکھ 57 ہزار 749 ، ضلع اوکاڑہ 6 لاکھ 73 ہزار 874 اور ضلع پاکپتن کے 3 لاکھ 93 ہزار 803 افرادشامل ہیں –
وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے اچھی کارکردگی پر ساہیوال ڈویژن کے تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز محمد اویس ملک ساہیوال ، احمر سہیل کیفی پاکپتن ، کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز اوکاڑہ اور سی ای اوز ہیلتھ ڈاکٹرز مشتاق احمد سپرا ساہیوال ، ڈاکٹر عبدالمجید اوکاڑہ اور پاکپتن سے ڈاکٹر محمد شہزاد احمدکو شیلڈز دی گئیں جس کی خصوصی تقریب زیر اعلی سیکرٹریٹ لاہور میں منعقد ہوئی –
صوبے کا واحد ڈویژن ساہیوال ہے جس کے تمام اضلاع کو شیلڈز دی گئیں – کمشنر ساہیوال ڈویژن علی بہادر قاضی نے کہا کہ محکمہ صحت کی فیلڈ ٹیموں کی محنت سے ڈویژن میں کورونا قابو رہااور عوام اپنی صحت کی حفاظت کے لئے کورونا ویکسین ضرور لگوائیں –
ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ڈاکٹر صادق سلیم کمبوہ نے کہا کہ ساہیوال ڈویژن میں کورونا ویکسین تمام سنٹرز میں وافر دستیاب ہے، پہلی ڈوز لگوانے والے دوسرے ڈوز کے لئے از خود سنٹر تشریف لائیں –
کمشنر ساہیوال ڈویژن علی بہادر قاضی اور اور ڈائریکٹر ہیلتھ ڈاکٹرصادق سلیم کمبوہ نے اچھی کارکردگی پر ساہیوال ڈویژن کے ڈپٹی کمشنرز اور سی ای اوز ہیلتھ کو مبارکباد بھی دی –