گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری سکول جہاز گراؤنڈ میں کلچرل شو کا انعقاد
ساہیوال ( چیچہ وطنی نیوز – ارشد فاروق بٹ ) سی ای او ایجوکیشن ڈاکٹر محمد ارشد کی سرپرستی میں گورنمنٹ گرلز ہائر سکینڈری سکول جہاز گراؤنڈ میں کلچرل شو کا انعقاد کیا گیا.
تقریب کی مہمان خصوصی مسز اویس ملک ڈپٹی کمشنر جبکہ مہمان اعزاز کنٹرولر امتحانات تعلیمی بورڈ ساہیوال ڈاکٹر نوید عظمت رانا اور ڈی ای او سیکنڈری خادم حسین موہل تھے۔
اس موقع پر طالبات نے زندگی کے رہن سہن، گھریلو ماحول، دیہی ماحول، کلچرل ڈانس، فلاور شو اور خانہ داری کے بہترین خاکے پیش کئے۔
علاقائی لباس، مٹی کے برتن جہاں تک نظر گئی سکول میں ثقافتی رنگ بکھرے نظرآئے۔ ننھی طالبات نے ملی نغمے بھی پیش کیے۔
سی ای او ایجوکیشن ڈاکٹرمحمد ارشد نے تقریب سے خطاب کرتے کہا کہ پنجاب کی ثقافت دنیا بھر میں مشہور ہے جسے زندہ رکھنے کیلئے کلچرل پروگرام ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہاکہ علاقائی ثقافتوں سے ملکی رسم ورواج سے آگاہی ملتی ہے۔
ڈپٹی کمشنر محمد اویس ملک کی قیادت میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی تعلیمی اداروں میں اس طرح کے ثقافتی پروگرام منعقد کراتی رہے گی۔ اس موقع پر انہوں نے بہترین انتظامات کرنے پر سکول پرنسپل اور ان کی پوری ٹیم کو شاباش دی۔
معزز مہمانوں نے بچیوں کی محنت کو دیکھ کو خوب داد دی۔ مسز اویس ملک ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ کلچرل پروگرامز بچیوں کو ذہنی نشوونما کے ساتھ ساتھ زندگی میں آگے بڑھنے کا حوصلہ دیتے ہیں۔
کلچرل شوز کا انعقاد ہوتا رہنا چاہئے تاکہ ملک و قوم کی بیٹیاں کسی بھی میدان میں بیٹوں سے پیچھے نہ رہیں۔