ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال میں ڈے کیئر سنٹر سمیت مختلف منصوبوں کا افتتاح

ساہیوال (چیچہ وطنی نیوز – ارشد فاروق بٹ) پرنسپل ساہیوال میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد عمران حسن خان اور ایم ایس ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال ڈاکٹر عبدالوحید نے ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال میں گورنمنٹ اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت جاری مختلف منصوبوں کا افتتاح کیا۔
ان منصوبوں میں ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال میں کام کرنے والی خواتین کے بچوں کیلئے ڈے کیئر سنٹر کا قیام ہے۔ اب ہسپتال میں کام کرنے والی فی میل ڈاکٹرز اور نرسز کو انکے بچوں کے حوالے سے درپیش مشکلات کو کافی حد تک حل کیا جا سکے گا اور وہ تندہی سے اپنے فرائض سر انجام دے سکیں گی۔ دوسرا پراجیکٹ ایمرجنسی میں نئے سیٹرلائزیشن سسٹم کی انسٹالیشن کا ہے جس سے ہسپتال میں سٹرلائزیشن کرنے میں بڑی مدد ملے گی۔
تیسرے پراجیکٹ میں فزیو تھراپی ڈیپارٹمنٹ میں نئی مشینوں کی انسٹالیشن شامل ہے جس میں انفراریڈلیمپ، ڈایا تھرمی اور نرو سٹیمو لیشن ایکوپمنٹ شامل ہے۔ اسی طرح رحمت العالمین سرائے پروجیکٹ کا بھی افتتاح کر دیا گیا جس میں پبلک واش رومزکی تکمیل شامل ہے۔
ان منصوبوں کی تکمیل میں معاونت پر گو پٹرولیم کے چوہدری طاہر کا خصوصی شکریہ ادا کیا گیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر اسرار ظفر، ڈاکٹر اختر محبوب، ڈاکٹر اظہر نقوی، ڈاکٹر عمر اجمل، ڈاکٹر فرخ شہزاد، ڈاکٹر علیم، ڈاکٹر نثار احمد، ڈاکٹر عثمان انجم، فزیو تھراپسٹ محمد وسیم، ڈاکٹر عبدالمجید خان نیازی کے علاوہ ہسپتال کے دیگر سٹاف بھی موجود تھا۔