ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ اجلاس

ساہیوال (چیچہ وطنی نیوز – ارشد فاروق بٹ) ڈپٹی کمشنر محمد اویس ملک نے کہا ہے کہ ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل ہر صورت یقینی بنائی جائے گی تاکہ عوام تک ان کے ثمرات جلد پہنچ سکیں۔

ضلع ساہیوال میں 18 ارب روپے سے زائد کے 8سو سے زائد جاری منصوبے مکمل ہونے سے دوردراز علاقوں کے عوام کو بھی زندگی کی بنیادی سہولیات میسر آسکیں گی جو وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے اضلاع کی یکساں ترقی کے منصوبے کی بنیادی ترجیح ہے۔

انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں ضلع بھر میں جاری ترقیاتی پروگراموں کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ محمد اکرم وٹو نے منصوبوں بارے تفصیلی بریفنگ دی۔

اجلاس میں ایکسین ہائی وے منصور حیدر بخاری، ایکسین بلڈنگ حافظ عبدالقادر، سی ای او ایجوکیشن ڈاکٹر محمد ارشد، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر چوہدری عبدالقیوم اور دوسرے متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

ڈپٹی کمشنر نے تمام محکموں کے ضلعی سربراہان کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ منصوبوں کی ٹائم لائن کے مطابق تکمیل کو یقینی بنائیں اور حائل رکاوٹوں کو باہمی رابطے بہتر بنا کر فوری دور کریں۔

انہوں نے ساہیوال بائی پاس کے فیز ٹو کی تعمیر کے آغاز کو ایک اہم سنگ میل قرار دیا اور اسے مقررہ مدت کے دوران مکمل کرنے کی ضرورت پرزور دیا تاکہ شہر سے ہیوی ٹریفک کا گزرنا ختم ہو سکے جس سے شہریوں کیلئے ٹریفک کے سنگین مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔

ایکسین ہائی وے منصور حیدر بخاری نے کہا کہ جھال روڈ اوور ہیڈ برج کو تعمیر تیزی سے جاری ہے اور اگر 20 کروڑ روپے کے مزید فنڈز دستیاب ہو جائیں تو اسے مکمل کر کے ٹریفک کیلئے کھولا جا سکتا ہے۔

سی ای او ایجوکیشن ڈاکٹر محمد ارشد نے بتایا کہ فرید ٹاؤن ساہیوال میں 2010 سے متروک گورنمنٹ ہائی سکول کی عمار ت میں کمپری ہنسو سکول کا ہائر سکینڈری بلاک تعمیر کیا جا رہا ہے جس پر لاگت کا کل تخمینہ ڈیڑھ کروڑ روپے ہے جس کی تعمیر سے نہ صرف قیمتی جگہ قبضہ مافیا سے بچائی جا سکے گی بلکہ طلبہ کو اضافی تعلیمی سہولیات بھی میسر آ سکیں گی۔

ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر چوہدری عبدالقیوم نے بتایا کہ پنجاب حکومت 25 کروڑ روپے کی خطیر رقم سے ظفر علی سٹیڈیم میں سینتھٹک اتھلیٹکس ٹریک کی تعمیر شروع کر رہی ہے جس سے نوجوانوں کو اتھلیٹکس کی عالمی معیار کی تربیت فراہم کرنے میں بڑی مدد ملے گی۔

ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ محمد اکرم وٹو نے بتایا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت 24 پرانی اور41 نئی سکیموں پر کام جاری ہے جن پر اب تک ایک ارب 14 کروڑ 30 لاکھ روپے خرچ کیے جا چکے ہیں۔

ایکسین بلڈنگ حافظ عبدالقادر نے بتایا کہ 16 کروڑ روپے کی لاگت سے گورنمنٹ گرلز کالج ساہیوال میں بی ایس بلاک کی تعمیر آخری مراحل میں ہے اور اسے موجودہ مالی سال میں مکمل کر لیا جائے گا۔

ڈپٹی کمشنر محمد اویس ملک نے تمام متعلقہ محکموں پر زور دیا کہ وہ کام کے معیار کو ہر صورت یقینی بنائیں تاکہ ان منصوبوں کی افادیت تادیر برقرار رہے۔

اس کیٹیگری سے مزید خبریں پڑھیے
اپنی رائے کااظہار کیجئے

Your email address will not be published.