ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت ضلعی امن کمیٹی کا اجلاس

ساہیوال (چیچہ وطنی نیوز – ارشد فاروق بٹ) ڈپٹی کمشنر محمد اویس ملک نے کہا ہے کہ ضلع بھر میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی مثالی فضاء تمام مکاتب فکر کے علماء کی بدولت ممکن ہے جسے برقرار رکھنے کیلئے تمام انتظامی اختیارات استعمال کیے جائیں گے۔
یہ ہم آہنگی لاتعداد جانوں کی قربانی سے حاصل کی گئی ہے جس میں مقامی علماء نے اپنا بھرپور کردار ادا کیا جو دوسروں کیلئے مشعل راہ ہے۔
انہوں نے یہ بات ڈپٹی کمشنر آفس میں ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں ڈی پی او صادق بلوچ، اے ڈی سی جنرل نعمان افضل، سیاسی شخصیات، مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام اور تاجر تنظیموں کے نمائندوں شیخ محمد چوہان، ملک فیصل لنگڑیال، سید ضیاء اللہ شاہ بخاری، شیخ اعجاز رضا، حاجی احسان الحق فریدی، قاری بشیر احمد، سید مہدی رضا ہمدانی، عابد مسعود ڈوگر، حافظ ساجد محمود، مولانا غلام نبی معصومی، مولانا ظہیر احمد بابر، سید مہدی کاظمی، سید کاشف حسین کاظمی، مولانا محمد شفیع قاسمی، عمران الحق رامے، حاجی عبدالطیف اور شیخ نعمان آصف نے بھی شرکت کی۔
انہوں نے کہا کہ ضلعی امن کمیٹی ایک ایسا گلدستہ ہے جس کی خوشبو سے ضلع فرقہ وارانہ ہم آہنگی سے مہک رہا جس کے لئے عوام علماء کرام کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ساہیوال میں فرقہ وارانہ مثالی ہم آہنگی علماء کرام کے تعاون سے ممکن ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کسی سماج دشمن کو امن و امان خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈی پی او صادق بلوچ نے کہا کہ فرقہ وارانہ منافرت پھیلانے والوں کے خلاف سخت قانونی کاروائی ہو گی۔ سید ضیاء اللہ شاہ بخاری نے کہا کہ علماء کے باہمی اتحاد سے ملکی تفریق مٹ چکی ہے اور ملک کو امن کا گہوارہ بنانے میں تمام مکاتب فکر کے علماء کا کردار بہت اہمیت کا حامل ہے۔
شیخ اعجاز رضا نے کہا کہ تمام علماء و ذاکرین کو تقاریر کی اجازت سے پہلے کردار بارے تحقیق کر لی جائے۔ حاجی احسان الحق فریدی نے کہا کہ امن و امان برقرار رکھنے میں انتظامیہ سے بھرپور تعاون جاری رہے گا۔ حافظ ساجد محمود نے کہا کہ گورنمنٹ گرلز کالج چیچہ وطنی میں چھٹی کے وقت ٹریفک کا مسئلہ سنگین صورت اختیار کر چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس مسئلہ کے حل کیلئے فوری اقدامات اٹھائے جائیں۔ شیخ نعمان آصف نے انتظامیہ سے اپیل کی کہ دن کے اوقات میں ہیوی ٹریفک کا داخلہ شہر میں روکا جائے تاکہ ٹریفک جام کے مسئلہ کو حل کیا جا سکے۔ مولانا غلام نبی معصومی نے کہا کہ مختلف مکاتب فکر کے علماء امن کے لئے ہر اول دستہ ہیں۔
شیخ محمد چوہان نے کہا کہ ساہیوال میں امن تمام علماء کی کاوشوں سے ممکن ہوا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی انتظامیہ اور علماء کرام کے درمیان باہمی رابطہ قائم رکھا جائے گا تاکہ منافرت پھیلانے والے عناصر کی حوصلہ شکنی کی جائے۔