صوبائی وزیر تعلیم پنجاب ڈاکٹر مراد راس کی قائد ہیڈ کوارٹر لاہور آمد

لاہور ( چیچہ وطنی نیوز – ارشد فاروق بٹ ) صوبائی وزیر تعلیم پنجاب ڈاکٹر مراد راس نے قائد ہیڈ کوارٹر لاہور میں منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی ہے.

تقریب کا انعقاد اساتذہ و ایجوکیٹرز کی انگریزی بطور مضمون کی جدید تربیت کے آغاز کے حوالے سے کیا گیا. تقریب میں سی ای او برٹش کونسل سکاٹ مکڈونلڈ، کنٹری ڈائریکٹر برٹش کونسل عامر رمضان، سیکرٹری محمکہ تعلیم پنجاب، ڈی جی قائد و دیگر شریک ہوئے.

اس موقع پر ڈاکٹر مراد راس کا کہنا تھا کہ اساتذہ اور ایجوکیٹرز کو انگریزی بطور مضمون کی خصوصی تربیت دی جائے گی. برٹش کونسل کے تعاون سے اساتذہ اور ایجوکیٹرز کی انگریزی بطور مضمون کے حوالے ٹریننگز 2022 سے 2025 تک جاری رہیں گی.

اساتذہ کی ٹریننگ محکمہ تعلیم پنجاب کے آن لائن پلیٹ فارم لرننگ مینیجمینٹ سسٹم کے تحت کی جائے گی. ٹریننگ میں کُل پانچ کورسز شامل ہوں گے اور ہر کورس 6 ہفتوں میں مکمل ہو گا.

انگریزی بطور مضمون تربیتی پروگرام سے 1 لاکھ 8 ہزار اساتذہ مستفید ہوں گے. اساتذہ کی اچھی تربیت ہمارے بچوں کے اچھے مستقبل کی ضامن ہے.

ڈاکٹر مراد راس کا مزید کہنا تھا کہ جب حکومت سنبھالی تو اساتذہ کو مختلف طرح کے دفتری امُور میں الجھا کر رکھا جاتا تھا. ٹیکنالوجی کی مدد سے جو کام گزشتہ چند سالوں میں ہوئے ان کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی. آج صوبے بھر کے اساتذہ اپنے تبادلے، چُھٹیاں، ریٹائرمنٹ، اے سی آرز، پی ای آرز جیسے دیگر امُور آن لائن نمٹا سکتے ہیں.

سی ای او برٹش کونسل سکاٹ مکڈونلڈ نے اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ چند سالوں کے دوران محکمہ تعلیم پنجاب کی جانب سے ڈیجیٹلائیزیشن کے حوالے سے حیران کُن اقدامات کیے گئے ہیں. پنجاب میں تعلیم کی ترقی و بحالی کے لئے محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے.

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.