کامسیٹس یونیورسٹی ساہیوال کیمپس میں قائم ای روزگار سنٹر میں داخلوں کا آغاز

ساہیوال (چیچہ وطنی نیوز – ارشد فاروق بٹ) پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی اور یوتھ افیئر ڈیپارٹمنٹ حکومت پنجاب کے اشتراک سے بے روزگار نوجوانوں کو روزگار کے مواقع دینے کی غرض سے کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد، ساہیوال کیمپس میں قائم ای روزگار سنٹر میں داخلوں کا آغاز ہو چکا ہے۔

یہ بات ای روزگار سنٹر کے فوکل پرسن صفدر علی نے کیمپس کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں بتائی۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت پنجاب کے انقلابی پروگرام کے تحت تعلیم یافتہ اور بے روزگار نوجوان شہریوں کو فری لانسنگ کے ذریعے پیسے کمانے کی مفت تربیت کا سلسلہ کامیابی سے جاری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس پروگرام کو طلبا و طالبات کی کثیر تعداد نے بہترین اقدام قرار دیا ہے اور بھرپور شرکت کر کے اپنے لیے گھر بیٹھے بین الاقوامی مارکیٹوں سے روزگار حاصل کیا ہے۔

فوکل پرسن کے مطابق ای روزگار پروگرام کے ستارویں بیج میں مفت تربیت حاصل کرنے کے لیے یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر آن لائن اپلائی کیا جا سکتا ہے۔

اہلیت کا معیار کم از کم 16 سالہ تعلیم، پنجاب کا ڈومیسائل، مؤثر قومی شناختی کارڈ اور زیادہ سے زیادہ عمر کی حد 35 سال ضروری ہے. جبکہ آن لائن ٹیسٹ کے ذریعے امیدواروں کا انتخاب کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ کورونا کی صورتحال میں بہتری کے باعث تمام تر تربیت فیزیکل یعنی کیمپس میں ہی دی جائے گی۔ مینجر ای روزگار سنٹر محمد اصغر نے بتایا کہ اب تک ای روزگار پروگرام کے تحت 31 ہزار سے زائد طلبا و طالبات تربیت مکمل کر کے 350 ملین روپے کی کثیر رقم دورانِ تربیت جبکہ 3.5 بلین روپے تربیت کے بعد کما چکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی کے زیر انتظام پاکستان کے ٹاپ فری لانسرز کری ایٹو ڈیزائن، ٹیکنیکل اور کنٹینٹ مارکیٹنگ اینڈ ایڈورٹائزنگ کے شعبہ جات میں مفت تربیت فراہم کرتے ہیں. جبکہ تمام طلبہ کے لیے فری لانسنگ کا تعارف، آن لائن پروفائل بنانے اور آرڈر لینے تک رہنمائی فراہم کی جاتی ہے اور کورس کے اختتام پر اسناد بھی دی جاتی ہیں۔

اس کیٹیگری سے مزید خبریں پڑھیے
اپنی رائے کااظہار کیجئے

Your email address will not be published.