لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے زیر اھتمام ایکسپو سنٹر لاہور میں صنعتی نمائش
لاہور چیمبر آف کامرس کے زیر اھتمام ایکسپو سنٹر میں صنعتی نمائش جاری ہے جس میں ملکی و غیر ملکی کمپنیوں نے بڑی تعداد میں اپنی مصنوعات کے سٹالز لگائے ہیں۔
ساہیوال کےمعروف صنعتی ادارے ایم ایس گروپ آف انڈسٹریز نے بھی اپنی مصنوعات کا سٹال لگایا ہے جو عوام کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔
گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے خصوصی طور پر سٹال کا دورہ کیا اور نمائش کے لئے رکھی گئی صنعتی مصنوعات میں گہری دلچسپی لی۔
ایم ایس انڈسٹریز کے چیف ایگزیکٹو اور ساہیوال چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے سابق صدر چوہدری محمد حسین زاہد نے گورنر پنجاب کو سٹال کا وزٹ کرایا اور تیار ہونے والی مصنوعات بارے تفصیلی بریفنگ دی۔
گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے مصنوعات کے معیار کو سراہا اور جلد فیکٹری کا دورہ کرنے کی خواہش ظاہر کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ملکی صنعتی پیداوار میں اضافے کے لئے مقامی صنعتی اداروں کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے تاکہ صنعتوں میں اضافہ ہو اور عوام کو روزگار مل سکے۔
گورنر پنجاب نے ایم ایس انڈسٹریز میں تیار ہونے والی مصنوعات کو برآمد کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے ساہیوال میں صنعتوں کے قیام اور صنعت کاروں کو درپیش مسائل کے حل کے لئے ساہیوال چیمبر کے سابق صدر چوہدری محمد حسین زاہد کی خدمات کو سراہا۔