چیچہ وطنی : بلاک نمبر 10 سے میٹرک کی طالبہ گن پوائنٹ پر اغوا

چیچہ وطنی ( چیچہ وطنی نیوز – 7 دسمبر 2021 – ارشد فاروق بٹ ) چیچہ وطنی بلاک نمبر 10 میں 8 نامعلوم افراد 14 سالہ طالبہ اور 15 سالہ طالب کو اغواء کر کے لے گئے۔

تفصیلات کے مطابق میٹرک کی طالبہ لائبہ اپنے بھائیوں معظم اور صائم کے ساتھ ٹیوشن سنٹر سے موٹر سائیکل پر گھر واپس جا رہی تھی، مغویان بچوں کے والد قیوم کے مطابق اغواء کار 8 افراد دو کاروں اور موٹر سائیکلوں پر سوار تھے ۔

اغواء کاروں نے جائے وقوعہ پر فائرنگ بھی کی۔ اغواء کار گاؤں 111 بارہ ایل کے رہائشی ہیں. وجہ عناد کچھ ماہ قبل بچوں کے چچا نے اغواکاروں کی لڑکی سے پسند کی شادی کی تھی جس کی سزا بھتیجی کو اغوا کر کے دی گئی۔

بچی کے والد قیوم نے اپیل کی ہے کہ معمولی واپڈا ملازم ہوں ۔ وزیر اعلی پنجاب میرے بچوں کو بازیاب کروائیں ۔ پولیس تھانہ سٹی نے 4 نامزد اور 4 نامعلوم اغواء کاروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے.

ڈی ایس پی اکمل رسول نادر نے کہا ہے کہ دونوں بچوں کی بازیابی کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں ۔ شہر کے مصروف ترین بازار میں سرعام اغواء کی واردات کے بعد شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔

ڈی پی او ساہیوال صادق بلوچ واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس ڈی پی او چیچہ وطنی سرکل اور ایس ایچ او تھانہ سٹی چیچہ وطنی کو ملزمان کی فوری گرفتاری اور مغویان کی بازیابی کے لیے ہدایت جاری کر دی ہے.

ایس ایچ او سٹی چیچہ وطنی محمد اعجاز نے وقوعہ میں استعمال ہونے والی کار اور اس کے ڈرائیور کوگرفتار کر لیا ہے جس سے مزید تفتیش جاری ہے ۔

واضح رہے کہ چیچہ وطنی شہر میں گزشتہ کچھ عرصے سے ڈکیتی اور اغوا کی وارداتوں میں اضافہ ہوا ہے جس پر شہری تنظیمیں سراپا احتجاج ہیں. چک 110 سیون آر کی 6 سالہ بچی ادیبہ مبارک 22 نومبر سے لاپتہ ہے تاہم پولیس 17 روز گزرنے کے بعد بھی بچی کو بازیاب نہیں کرا سکی.

اس کیٹیگری سے مزید خبریں پڑھیے
اپنی رائے کااظہار کیجئے

Your email address will not be published.