گورنمنٹ گرلز کالج فریدٹاؤن میں سپورٹس ڈے کا انعقاد
ساہیوال (چیچہ وطنی نیوز – ارشد فاروق بٹ)گورنمنٹ گرلز کالج فریدٹاؤن میں سپورٹس ڈے کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما شکیل خان نیازی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی.
جبکہ مہمانان اعزاز رانا آفتاب احمد خان ضلعی صدر پاکستان تحریک انصاف، ڈائریکٹر کالجز پروفیسر محمد مسعود فریدی، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز محمد عقیل اشفاق، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز شباب فاطمہ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر کالجز مرزا طاہر رضوان اور کالج پرنسپل سمیرا نسیم شامل تھیں۔
اس موقع پر طالبات نے مختلف کھیلوں میں بھرپور شرکت کی اور اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر تقریب کے مہمان خصوصی شکیل احمد خان نیازی نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں کھیلوں کے مقابلے طلباء و طالبات کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں. صحت مند جسم اور صحت مند دماغ کیلئے کھیلیں بہت ضروری ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے زیادہ استعمال سے بچوں کی ذہنی نشوونما متاثر ہورہی ہے اس لئے غیر نصابی سرگرمیوں کا انعقاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔
ڈائریکٹر کالجز محمد مسعود فریدی نے کہا کہ کھیلوں میں طالبات کا بڑھ چڑھ کر حصہ لینا خوش آئند بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم طالبات کو ایسا پلیٹ فارم مہیا کریں گے جس کے ذریعے وہ اپنی صلاحیتوں کو مکمل طور پر منظر عام پر لا سکیں۔
انہوں نے سپورٹس ڈے کے انعقاد پر پرنسپل سمیرا نسیم اور کالج انتظامیہ کو مبارکباد دی۔ تقریب کے اختتام پر مختلف کھیلوں میں حصہ لینے والی طالبات میں انعامات تقسیم کیے گئے اور تقریب کے مہمانوں کو شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔