گورنمنٹ کالج ساہیوال میں شعبہ پنجابی کے زیراہتمام صوفیانہ کلام کی گائیکی کا مقابلہ

ساہیوال (چیچہ وطنی نیوز – ارشد فاروق بٹ) حکومت پنجاب کی طرف سے ثقافتی سرگرمیوں کو پروان چڑھانے کے حوالے سے پنجاب کلچرل ڈے کا اعلان کیا گیا ہے۔
گورنمنٹ کالج ساہیوال میں پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر ممتاز احمد کی ہدایت پر اسی حوالے سے شعبہ پنجابی کے زیر اہتمام صوفیانہ کلام کی گائیکی کا مقابلہ ہوا.
جس کے مہمان خصوصی سابق استاد کالج ہذا پروفیسر اکبر شاہ اور مہمان اعزاز سابق صدر شعبہ پنجابی ڈاکٹر پروفیسر مصطفیٰ کھوکھر تھے۔
تقریب کے میزبان صدر شعبہ پنجابی پروفیسر ڈاکٹر مرزا معین تھے۔ تقریب کی صدارت پرنسپل کالج پروفیسر ڈاکٹر ممتاز احمد نے کی۔معاونین میں پروفیسر عامر غفار، ڈاکٹر افتخار شفیع، پروفیسر عمران جعفر، ندیم صادق اور اعوان قمر شامل تھے۔
مقابلے میں نو طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔ مقابلے کی پہلی پوزیشن شعبہ کمپیوٹر کی اقصٰی بانو نے حاصل کی، دوسرے نمبر پر علی حمزہ جبکہ تیسرے نمبر ہر عاصم مقصود رہے۔
تقریب کے آخر میں پروفیسر اکبر شاہ نے اپنے خطاب میں مقابلے کو سراہا اور کہا کہ صوفیا امن اور سلامتی کا پیغام پہنچانے والے تھے۔ آج اس بات کی ضرورت ہے کہ یہ پیغام نئی نسل تک پہنچے تا کہ وہ نہ صرف پنجاب کے ثقافتی ورثہ سے روشناس ہو سکیں بلکہ امن کو بھی ترویج دے سکیں۔
آخر میں پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر ممتاز احمد نے بھی صوفیا کی زندگی پر روشنی ڈالی اور ان کی اسلام کیلئے خدمات کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ نئی نسل کو ان کی تعلیمات سے روشناس کروا کر ہی معاشرے کو بہترین بنایا جا سکتا ہے۔