گورنمنٹ گرلز کالج گوگیرہ میں سالانہ کلچر اینڈ سپورٹس ڈے کی رنگا رنگ تقریبات
ساہیوال (چیچہ وطنی نیوز – ارشد فاروق بٹ)گورنمنٹ گرلز کالج گوگیرہ میں سالانہ کلچر اینڈ سپورٹس ڈے کی رنگا رنگ تقریبات جاری ہیں جس میں طالبات بھرپور شرکت کر رہی ہیں.
سالانہ کلچر اینڈ سپورٹس ڈے میں پاکستان کے علاقائی پہناووں کی نمائش کی گئی. ڈائریکٹر کالجز پروفیسر محمد مسعود فریدی، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز محمد عقیل اشفاق، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز ساہیوال شباب فاطمہ اور ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز اوکاڑہ رائے ممتاز علی نے خصوصی شرکت کی.
مہمانوں نے کلچرل ڈے کے سلسلے میں لگائے گئے سٹالز بھی دیکھے۔ انہوں نے کالج لائبریری، کمپیوٹر لیب، سائنس لیبارٹری اور کلاس رومز کا دورہ کیا اور کالج میں فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
انہوں نے کلچرل ڈے کی مناسبت سے طالبات کی طرف سے لگائے گئے مختلف ثقافتوں کی نمائندگی کرنے والے نمائشی سٹالز بھی دیکھے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر کالجز پروفیسر مسعود فریدی نے کہا کہ کلچر ڈے کو منانے کا مقصد پنجاب کی سرزمین کی ثقافت اور روایات کو اجاگر کرنا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ زندہ قومیں نہ صرف اپنی ثقافت کو زندہ رکھتی ہیں بلکہ اس کے فروغ کیلئے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بناتی ہیں۔ انہوں نے سالانہ سپورٹس ڈے میں حصہ لینے والی طالبات میں انعامات اور ٹرافیاں بھی تقسیم کیں. ڈائیریکٹر کالجز پروفیسر محمد مسعود فریدی نے اساتذہ اور طالبات کی بھرپور شرکت پر پرنسپل اسماء شاہد اور سٹاف کو خراج تحسین پیش کیا۔