گورنمنٹ گرلز کالج ساہیوال میں شعبہ ہوم اکنامکس کے زیر اہتمام تقریب
ساہیوال (چیچہ وطنی نیوز – ارشد فاروق بٹ) گورنمنٹ گرلز کالج ساہیوال میں شعبہ ہوم اکنامکس کے زیر اہتمام طالبات کی تیار کی گئی ڈیکوریشن کی اشیا کی نمائش کی گئی. تقریب کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر محمد اویس ملک تھے۔
ڈپٹی کمشنر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ طالبات کیلئے ہوم اکنامکس کا شعبہ صلاحیتوں کے اظہار کا بہترین ذریعہ ہے. تفصیلات کے مطابق گورنمنٹ گرلز کالج کے شعبہ ہوم اکنامکس میں زیر تعلیم طالبات کی تیار کی ہوئی ڈیکوریشن کی اشیاء کی نمائش ہوئی۔
اس موقع پر ڈائریکٹر کالجز پروفیسر مسعود فریدی، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز شباب فاطمہ، کالج پرنسپل مسز ارمغانہ زین، وائس پرنسپل نغمانہ صدیق اور شعبہ ہوم اکنامکس کی سربراہ افشاں احسان بھی ان کے ہمراہ تھیں۔
ڈپٹی کمشنر نے مختلف سٹالز کا معائنہ کیا اور طالبات کی بنائی ہوئی اشیاء کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ہوم اکنامکس کا شعبہ طالبات کو ہنر مند بنانے، معاشی طور پر خود مختار بنانے اور ان کی صلاحیتوں کے اظہار میں بڑی اہمیت کا حامل ہے اور زیادہ سے زیادہ طالبات کو ہوم اکنامکس پڑھنی چاہیے۔
سربراہ شعبہ افشاں احسان نے بتایا کہ ہوم اکنامکس میں اس وقت 120 سے زائد طالبات تعلیم حاصل کر رہی ہیں اور بہت جلد کالج میں بی ایس ہوم اکنامکس کی کلاسز کا بھی اجراء کر دیا جائے گا. جس سے اس شعبے میں طالبات کی دلچسپی میں مزید اضافہ ہو گا۔