ہڑپہ میں مستحق طلبا کو مفت یونیفارم تقسیم کر نے کی تقریب

طلبا قوم کا مستقبل ہیں ان کی ضروریات پوری کرنا معاشرے کی ذمہ داری ہے۔

ساہیوال (چیچہ وطنی نیوز – 18 نومبر 2022) چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن چودھری محمد سعید نے کہا ہے کہ انسان کہلانے کا وہی شخص مستحق ہے جو دوسروں کے لیے دل میں درد رکھتا ہو. دوسروں سے محبت کا سلوک رکھتا ہو اور ان کی مصیبت میں مدد کرتا ہو۔

انہوں نے ہڑپہ میں مستحق طلبا کو مفت یونیفارم تقسیم کر نے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طلبا قوم کا مستقبل ہیں ان کی ضروریات پوری کرنا معاشرے کی ذمہ داری ہے۔

اس موقعہ پر ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز ساہیوال میاں محمدعقیل اشفاق نے کہا کہ دنیا میں نیک اعمال ایسے بیج ہیں جن کا پھل آخرت میں ملتا ہے، خدمت خلق کے جذبے کے بغیر سماج قائم ہی نہیں رہ سکتا۔

ڈائریکٹر آرٹس کونسل ساہیوال ڈاکٹر سید ریاض ہمدانی نے اپنی تقریر میں کہا کہ رب العزت نے انسان کے دل میں خدمت خلق اور محبت کے جذبات ودیعت کیے ہیں ہر انسان میں نیکی کا شائبہ ہو تا ہے۔

تقریب سے کیوریٹر ہڑپہ میوزیم رانا احمد نواز ٹیپو، پنجاب ٹیچرز یونین کے سینئیر نائب صدر رانا انوار احمد، سابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر تعلیم محمد حسین منہاس، ہیڈماسٹر حسنین اکبر بھلہ، مس حنا مس غزالہ حنیف طالبہ اریبہ اور دیگر طلبا نے خطاب کیا۔

تقریب کے اختتام پر سی ای او ڈائریکٹر تعلقات عامہ،ڈائریکٹر آرٹس کو نسل اور کیو ریٹر نے 150 سے زائد غریب طلبا میں یونیفارم اور سویٹر تقسیم کیے۔

اس کیٹیگری سے مزید خبریں پڑھیے
اپنی رائے کااظہار کیجئے

Your email address will not be published.