ہڑپہ میں سیاحوں کی رہنمائی کے لیے ٹورسٹ فسیلیٹیشن سنٹر قائم کرنے کا فیصلہ

ساہیوال (چیچہ وطنی نیوز – ارشد فاروق بٹ) ضلعی انتظامیہ نے ہڑپہ آنے والے سیاحوں کی سہولت اور مناسب رہنمائی کیلئے ٹورسٹ فسیلیٹیشن سنٹر قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس سنٹر میں ملکی و غیر ملکی سیاحوں کو ہڑپہ تہذیب کے بارے میں مکمل معلومات کے ساتھ ساتھ انہیں ہڑپہ کے دورے کے لئے ضروری سہولیات خصوصاً ٹرانسپورٹ اور گائیڈ بھی فراہم کئے جائیں گے۔

یہ فیصلہ ڈپٹی کمشنر محمد اویس ملک کی زیر صدارت ہڑپہ میں سیاحوں کیلئے سہولیات کی فراہمی کے لئے ہونے والے اجلاس میں کیا گیا جس میں اے ڈی سی آر عاصم سلیم، اے ڈی سی جی نعمان افضل، ڈائریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل ڈاکٹر سید ریاض ہمدانی، پنجاب ٹورازم کارپوریشن کے افسران میاں سہیل انور، منصور نبی نور اور رانا ظفر احمد، محکمہ آرکیالوجی کے ڈپٹی ڈائریکٹر محمد حسن، ہڑپہ میوزیم کے کیوریٹر احمد نواز ٹیپو، سیکرٹری آرٹی اے واصف یاسین اور ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر کلثوم زہرا کے علاوہ معروف صنعت کار چوہدری نفیس صادق نے بھی شرکت کی۔

ڈپٹی کمشنر محمد اویس ملک نے کہا کہ ہڑپہ آنے والے سیاحوں کو علاقے کی تاریخ، روایات اور ثقافت سے روشناس کرانے کیلئے متعلقہ محکموں کو ذمہ داریاں تفویض کر دی گئی ہیں جن میں سیاحوں کو ہڑپہ کی تہذیب کے بارے میں مکمل آگہی فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ساہیوال کے روایتی ڈانسز، کھانوں اور رہن سہن کے بارے میں بھی بتایا جائے گا۔

اس کیٹیگری سے مزید خبریں پڑھیے
اپنی رائے کااظہار کیجئے

Your email address will not be published.