معذور افراد کے عالمی دن کی مناسبت سے تقریبات کا انعقاد
معاشرہ باشعور ہو چکا ہے کہ یہ لوگ ہم سے مختلف ہیں معذور نہیں۔
ڈپٹی کمشنر امتیاز احمد خان کھچی نے کہا ہے کہ سپیشل بچے صلاحیتوں میں کسی سے کم نہیں ہیں اور ہماری سوسائٹی کا اہم جز ہیں۔
معاشرے کی ذمہ داری ہے کہ سپیشل بچوں کو سازگار ماحول فراہم کریں تاکہ وہ پڑھ لکھ کر کارآمد شہری بن سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سوسائٹی میں سپیشل بچوں کے لئے مثبت رویہ اپنایا جائے تاکہ ان بچوں کو اپنی معذوری کا احساس نہ ہو۔ انہوں نے یہ بات جناح ہال میں ساہیوال آرٹس کونسل اور محکمہ سپیشل ایجوکیشن ساہیوال کے باہمی اشتراک سے معذور افراد کے عالمی دن کی مناسبت سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
ڈائریکٹر آرٹس کونسل ڈاکٹر سید ریاض ہمدانی، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز محمد عقیل اشفاق، کنٹرولر امتحانات رانا نوید عظمت، ڈسٹرکٹ سپیشل ایجوکیشن آفیسر ڈاکٹر عبدالکریم، ڈی ای او سیکنڈری ایجوکیشن خادم حسین موہل، سابق صدر ساہیوال چیمبر آف کامرس، سابق صدر روٹری کلب چوہدری سلطان محمود، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عبدالمجید خان نیازی، ڈی ای او ایلیمنٹری چوہدری محمد اکرام، ڈپٹی ڈی ای او عمارہ کاشف، ہیڈ آف سنٹر رابعہ چوہدری اور گورنمنٹ سپیشل ایجوکیشن سکول برائے متاثرہ بصارت کی ہیڈ مسٹریس نبہیہ ضیاء سمیت اساتذہ، والدین اور سپیشل طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر امتیاز احمد خان کھچی نے کہا کہ ایک وقت تھا جب معذور افراد کو کمتر سمجھا جاتا تھا۔ لیکن عالمی سطح پر اس طرح کے تہوار منا کر معاشرہ باشعور ہو چکا ہے کہ یہ لوگ ہم سے مختلف ہیں معذور نہیں۔
یہ لوگ ہمارے معاشرے کا اہم حصہ ہیں جو ایک خوش آئند امر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت سرکاری و نجی اداروں میں کوٹہ کے مطابق سپیشل افراد کو ملازمتوں کی فراہمی بھی یقینی بنائی جارہی ہے۔
ایسے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں کہ سپیشل افراد کو زندگی کی دوڑ میں کارآمد شہری بنایا جا سکے۔ تقریب میں دیگر شرکاء نے بھی معذور افراد کے عالمی دن کے حوالے سے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
اس موقع پر مختلف سکولز کے بچوں نے فن کا مظاہرہ کیا اور حاضرین سے داد وصول کی۔ تقریب کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر امتیاز احمد خان کھچی کو سپیشل بچوں کی طرف سے پنجابی پگ اور سندھی اجرک پہنائی گئی۔