خواتین کے عالمی دن کے موقع پرگورنمنٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین ساہیوال میں سیمینار
ساہیوال ( چیچہ وطنی نیوز – ارشد فاروق بٹ ) خواتین کے عالمی دن کے موقع پر گورنمنٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین ساہیوال میں سیمینار کا اہتمام کیا گیاجس کی مہمان خصوصی صوبائی کوآرڈینٹر دختران پاکستان پنجاب مسز منیبہ خاور شہزاد تھیں.
جبکہ ڈائریکٹر کالجز پروفیسر مسعود فریدی اور ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز شباب فاطمہ مہمان اعزازتھیں۔ مسز منیبہ خاور شہزاد نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ استحکام پاکستان میں عورتوں کااہم کردار رہا ہے اور پنجاب حکومت خواتین کی فلاح و بہبود کیلئے انقلابی اقدامات اٹھارہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ خواتین کو آگے بڑھنے کیلئے مزید مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ ملکی ترقی میں وہ اپنا کردار ادا کر سکیں۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر کالجز پروفیسر مسعود فریدی نے بتایا کہ بیٹیاں ہماری فخر ہیں اور ہماری مستقبل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اللہ نے عورت کو بہت مرتبہ عطا کیا ہے اسکو پہچاننے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بہادر خواتین کا نام تاریخ کے سنہری حروف میں لکھا جائیگا۔
ڈپٹی ڈائریکٹر شباب فاطمہ نے کہا ہے کہ آنحضور ﷺ نے عورت کو جو مقام دیا آج ساری دنیا اس کی پیروی کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عورت کے حقوق کے ساتھ ساتھ ان کو صحت مند رکھنے پر بھی کام کرنے کی ضرورت ہے۔
پرنسپل کالج ارمغانہ زین اور وائس پرنسپل نغمانہ صدیق نے اپنے خطاب میں کہا کہ خواتین کے عالمی دن پر اس بات کا اعادہ کرنا چاہیے کہ شریعت اور اخلاقی اقدار کی پابندی کرکے معاشرے کی تشکیل میں مدد دی جائے۔
سیمینار کے آخر میں طالبات اور لیکچرز میں تعریفی سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کئے گئے۔ سیمینار کے شرکاء میں رضیہ خان، جویریہ خالد، سمیرا خان، حنا امتیاز، شبانہ فاروق، طالبات اور دیگر شعبہ ھائے زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین کی کثیر تعداد موجود تھی۔