جناح ٹاؤن چیچہ وطنی میں 6 مسلح ڈاکوؤں کی تاجر کے گھر ڈکیتی، گن مین جاں بحق
ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ڈاکٹر ہما بشیر کا گن مین جاں بحق ہو گیا۔

چیچہ وطنی ( چیچہ وطنی نیوز – ظفر اقبال انصاری سے )
چیچہ وطنی بائی پاس سے متصل جناح ٹاؤن میں 6 مسلح ڈاکوؤں کی تاجر کے گھر ڈکیتی کی واردات، ڈاکو اسلحہ کے زور پر لاکھوں روپے کے 22 تولہ طلائی زیورات، لائسنسی پسٹل لوٹ کر فرار ہو گئے .
ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ڈاکٹر ہما بشیر کا گن مین علی احمد سکنہ ٹبہ نور پور پرانی چیچہ وطنی شدید زخمی ہوگیاتھا. زخمی گن مین کو تشویشناک حالت میں ساہیوال ریفر کیا گیا لیکن وہ راستے میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا.
ڈکیتی کی وارات شہر کے معروف تاجر چوہدری اسلم اصل ہمدرد بیکرز والے کے گھر ہوئی۔ واردات کی اطلاع کے بعد ڈی ایس پی سرکل ساجد محمود گوندل، ایس ایچ او صدر محمد آصف نواز تلہ، ایس ایچ او سٹی علی کاظمی، ایس ایچ او کسووال اے ڈی شاہین بھی موقع پر پہنچ گئے۔
ڈاکو گھر کی دیوار سے خار دار جالی کاٹ کر اندر داخل ہوئے۔ تمام ڈاکوں نے ہاتھوں پر دستانے اور نقاب پہن رکھے تھے۔ جبکہ ڈاکوں کے پاس موبائل جیمر بھی موجود تھا۔ ڈاکو آدھا گھنٹہ گھر کے اندر رہے۔ ڈاکو سفید رنگ کی سوک کار میں واردات کے بعد فرار ہوگئے۔ پولیس مصروف تفتیش ہے.