کسووال: نکاسی آب کا مسئلہ سنگین صورت اختیار کر گیا
کسووال: نواحی گاؤں 101بارہ ایل میں نکاسی آب کا مسئلہ سنگین صورتحال اختیار کر گیا، بارش کا پانی تالاب سے ہوتے ہوئے لوگوں کے گھروں اور قبرستان میں داخل ہوگیا، پڑوسیوں کے آپس میں جھگڑے ہونے لگے، اسسٹنٹ کمشنر چیچہ وطنی سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔
تفصیلات کے مطابق کسووال کے نواحی گاؤں101بارہ ایل جس میں نکاسی آب کی نالیوں کا رخ گاؤں کے وسط میں واقعہ تالاب کی جانب ہے گزشتہ روز ہونے والی بارش سے نکاسی آب کا مسئلہ شدت اختیار کر گیا ہے۔
گھروں میں استعمال ہونے والا اور بارش کا پانی تالاب سے نکل کر لوگوں کے گھروں کے علاوہ متصل قبرستان میں داخل ہوچکا ہے، اسی صورتحال کی وجہ سے لوگوں نے نالیاں بند کرنا شروع کر دی ہیں جس کے نتیجے میں پڑوسی ایک دوسرے سے لڑ جھگڑ رہے ہیں۔
اہل دیہہ نے اسسٹنٹ کمشنر چیچہ وطنی سے فوری نوٹس لیکر تحصیل اور ضلعی میونسپل انتظامیہ کو نکاسی آب کا حکم دینے کا مطالبہ کیا ہے۔