مجید امجد لٹریری سوسائٹی جامعہ ساہیوال کے زیر اہتمام تقریب
تقریب میں نظامت کے فرائض انگلش ڈیپارٹمنٹ کی طالبہ طاہرہ طفیل نے سر انجام دئیے۔
مجید امجد لٹریری سوسائٹی جامعہ ساہیوال نے ڈائریکٹوریٹ آف اسٹوڈنٹ افیئرز کے زیرِ اہتمام Writer Meet Up کے عنوان سے تقریب کا انعقاد کیا۔
جس میں پاکستان کے معروف افسانہ نگار ، فکشن رائٹر ، شاعر اور کالم نگار جناب سید تحسین گیلانی مہمانِ خصوصی کے طور پر شریک ہوئے۔
تقریب میں نظامت کے فرائض انگلش ڈیپارٹمنٹ کی طالبہ طاہرہ طفیل نے سر انجام دئیے۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز فزکس ڈیپارٹمنٹ کے حافظ محمد احسن نے تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا۔
عطیہ ربی نے نعت رسول مقبول کی سعادت حاصل کی۔ اس کے بعد تقریب کے مہمانِ خصوصی تحسین گیلانی کو سٹیج پر مدعو کیا گیا اور انہوں نے اپنی علمی و ادبی گفتگو سے حاضرین کے دل موہ لیے۔
انہوں نے نثر پر تفصیلی گفتگو کی اور نثر کے بارے میں طلباء کو اہم معلومات دیں۔ سید تحسین گیلانی نے فکشن اور فلیش فکشن کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی۔
افسانہ، مضمون، سو لفظی کہانی اور شارٹ سٹوری لکھنے کے تکنیک پر بھی گفتگو کی۔ سوال و جواب کے سیشن کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں طلباء و طالبات نے بھرپور شرکت کی۔
تقریب اختتام پر انگریزی ڈیپارٹمنٹ کے ہیڈ جناب ڈاکٹر شبیر جان نے سید تحسین گیلانی کا شکریہ ادا کیا اور طلباء و طالبات کو ادب کی اہمیت سے آگاہ کیا اور ادب سے جڑے رہنے کی تلقین کی۔
اس کے علاوہ انہوں نے مجید امجد لٹریری کے پیٹرن ان چیف جناب مبشر سعید کی ادبی خدمات کو سراہا اور شاندار ایونٹ کے انعقاد پر مجید امجد لٹریری سوسائٹی کی پوری ٹیم کی حوصلہ افزائی کی۔