ملک نعمان لنگڑیال کا حمزہ شہباز کی حمایت کا اعلان

چیچہ وطنی ( چیچہ وطنی نیوز – ارشد فاروق بٹ ) پاکستان تحریک انصاف کے منحرف جہانگیر گروپ کے متحرک ممبر پنجاب اسمبلی ملک نعمان لنگڑیال نے وزارت اعلی کے لیے حمزہ شہباز شریف کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے.

حمزہ شہباز شریف کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرس کرتے ہوئے ملک نعمان لنگڑیال کا کہنا تھا کہ اپوزیشن اس وقت پورے ملک میں حالات کی بہتری کے لیے جدوجہد کر رہی ہے. بدقسمتی کی بات ہے کہ جہانگیر ترین گروپ کے ارکان پچھلے ڈیڑھ سال سے حکومت میں رہ کر اپوزیشن کا کردار ادا کر رہے تھے.

ہم اپوزیشن کا کردار اس لیے ادا کر رہے تھے کیونکہ ہمارے گروپ لیڈر جہانگیر ترین کے خلاف جھوٹی ایف آئی آر درج کی گئی اور ان کے پی ٹی آئی پر کیے گئے احسانات پر سوالات اٹھائے گئے.

ہمارے احتجاج ، محنت اور جہانگیر ترین کی ایمانداری کے باعث پی ٹی آئی کو شہزاد اکبر کو نکالنا پڑا جو کہ نیب کا ایڈوائزر تھا. بعد میں اس پر بے شمار الزامات بھی لگے.

اس کے بعد میڈیا گواہ ہے کہ پنجاب میں نااہل شخص کو وزیراعلی بنایا گیا. جس نے نہ صرف کرپشن کو فروغ دیا بلکہ اپنی ہی پارٹی کو نقصان پہنچایا. جس شخص کو وزیراعلی بنایا گیا اسی کے ڈویژن سے 6 ایم این اے منحرف ہو گئے. یہ ناقص کارکردگی اس وزیراعلی کی تھی جس کا دفتر کرپشن کا گڑھ تھا. بالآخر اس کو استعفی دینا پڑا.

ہم نے اپوزیشن کا ساتھ دینے کا فیصلہ ایمانداری سے ملک کی بہتری کے لیے کیا ہے. ہم حمزہ شہباز سے امید کرتے ہیں کہ وہ پنجاب کی بہتری کے لیے کام کریں گے.

اس موقع پر حمزہ شہباز نے ملک نعمان لنگڑیال کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ میری دوسری میٹنگ ہے ترین گروپ کے ساتھ. ہمارا مقصد ایک ہے اور وہ ہے کرپشن فری پنجاب بنانا. وزیر اعظم خود مافیا ہیں اور ان کو آئینی طریقے سے ہٹائیں گے.

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.