منچن آباد میں رکشہ ڈرائیور سرکاری سکولوں کی کتب بیچتا پکڑا گیا

منچن آباد ( چیچہ وطنی نیوز – 29 دسمبر 2021 – ارشد فاروق بٹ) ضلع بہاولنگر کی تحصیل منچن آباد میں ایک لوڈر رکشہ ڈرائیور پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ کی گریڈ 1 سے گریڈ 3 تک کی کتابیں بیچتے ہوئے پکڑا گیا۔

حکومت پاکستان کی جانب سے جاری کردہ یہ کتابیں بیچنے کی اجازت نہیں ہوتی، مذکورہ کتابوں کی تعداد 1600 کے قریب تھی۔ اور رکشہ ڈرائیور انہیں ایک سکریپ شاپ پر 20 روپے کلو کے حساب سے بیچتے ہوئے پکڑا گیا –

پاکپتن کے رہائشی لوڈر رکشہ ڈرائیور جاوید اقبال کے خلاف تھانہ منچن آباد میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ مقدمہ درج کرنے کی درخواست سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے کی تھی۔ مقدمہ زیر دفعہ 379 اور 411 درج کیا گیا ہے-

جاوید اقبال کے رکشہ پر پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ کی کتابوں کے 160 بنڈل لوڈ تھے۔ جاوید اقبال ان کتابوں کوغلہ منڈی چوک پر ایک کباڑیے کے پاس فروخت کے لیے لایا تھا ۔

مخبری ہونے پر ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر رانا محمد ساجد نے سٹاف کے ہمراہ موقع پر پہنچ کر ٹیکسٹ بکس قبضہ میں لیں اور پولیس کو مطلع کیا –

منچن آباد پولیس نے رکشہ ڈرائیور کو گرفتار کرنے کے ساتھ ساتھ لوڈر رکشہ اور اس پر لوڈڈ ٹیکسٹ بکس بھی قبضہ میں لے لیں –

ڈپٹی ڈی ای او رانا محمد ساجد نے بتایا ہے کہ دوران تفتیش علم ہوا ہے کہ پاکپتن سے لائی جانے والی یہ کتابیں نیو ایڈیشن 2021-2022 کی تھیں۔ ان کتابوں کو کمیونٹی سکولوں میں تقسیم کیا جانا تھا –

اس کیٹیگری سے مزید خبریں پڑھیے
اپنی رائے کااظہار کیجئے

Your email address will not be published.