ایم این اے رائے مرتضی اقبال کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن کمیٹی کا اجلاس

ساہیوال (چیچہ وطنی نیوز – ارشد فاروق بٹ) وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر ضلع ساہیوال کی تعمیر و ترقی کیلئے اقدامات تیز کردیئے گئے ہیں –
ایم این اے رائے مرتضی اقبال کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈپٹی کمشنر محمد اویس ملک، ڈی پی او صادق بلوچ، پی ٹی آئی رہنما رانا آفتاب احمد اورشیخ محمد چوہان کے علاوہ تمام محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔
رائے مرتضیٰ اقبال نے ضلع ساہیوال میں امن وامان کی صورتحال بہتر بنانے پر ڈی پی او صادق بلوچ کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کھاد مافیا کے خلاف کاروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ کسی کو بھی کسانوں کے استحصال کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے کھاد کی ذخیرہ اندوزی اور بلیک میں فروخت کرنے میں ملوث ہونے کی وجہ سے اشتیاق اینڈ کو 90 موڑ کا فوری لائسنس کینسل کرنے کی بھی ہدایات جاری کیں۔
انہوں نے کہا کہ شہر میں دوکانداروں کو کتنی کھاد کی بوریاں ملی ہیں اور کتنی سیل ہوئی ہیں سب کا ڈیٹا مرتب کر کے اسے پبلک کیا جائے۔ انہوں نے گزشتہ اجلاس میں دی گئی ہدایات پر عملدرآمد بارے بھی فیڈ بیک لیا۔
ایم این اے رائے مرتضیٰ اقبال نے ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ ان منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائے تاکہ جلد تکمیل سے عوام کو فائدہ حاصل ہو۔
انہوں نے تجاویزات کے خلاف کاروائیاں تیز کرنے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ تجاویزات کے خلاف کاروائیوں کے دوران چھوٹے دوکانداروں اور رہڑی بانوں کو تنگ نہ کیا جائے بلکہ بڑے مافیا کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے۔
ایم این اے رائے مرتضی اقبال نے کہا کہ وزیر اعظم اور وزیر اعلی پنجاب ضلع کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں اور ترقیاتی سکیمیں میٹریل کے معیار کی ضمانے کیساتھ مقررہ وقت کے اندر مکمل کی جائیں۔