میونسپل کارپوریشن ساہیوال میں کرسمس کیک کاٹنے کی تقریب
ڈپٹی کمشنر محمد زمان وٹو نے کہا ہے کہ مسیحی برادری نے پاکستان کی تعمیر و ترقی میں گراں خدمات سر انجام دی ہیں جنہیں سراہا جانا چاہیے اور انہیں تمام بنیادی حقوق کی فراہمی کو یقینی بنایا جانا چاہیے-
ضلعی انتظامیہ مسیحیوں کے تحفظ کے لئے تمام ضروری اقدامات اٹھا رہی ہے تا کہ وہ اپنی کرسمس کی تقریبات روایتی مذہبی جوش و جذبے سے منا سکیں-انہوں نے یہ بات میونسپل کارپوریشن میں کیک کاٹنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں میئر ساہیوال سردار اسد علی خان بلوچ، ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اظہر دیوان ،منتخب نمائندوں اور کارپوریشن کے ملازم مسیحیوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی-
انہوں نے مسیحیوں کو کرسمس کی مبارکباد دی اور کہا کہ انتظامیہ غریب مسیحیوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے سستا کرسمس بازار بھی لگا رہی ہے جہاں تمام اشیاءصرف ارزاں نرخوں پر دستیاب ہونگی-کرسمس کے موقع پر تمام گرجا گھروں کی حفاظت کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں تا کہ یہ تقریبات بے خوف و خطر ہو سکیں-
انہوں نے توقع ظاہر کی کہ ملک میں بسنے والی تمام اقلیتیں پاکستان کی تعمیر و ترقی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گی جس سے معاشرے میں رواداری اور بھائی چارے کو بھی فروغ ملے گا-تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میئرساہیوال سردار اسد علی خان بلوچ نے مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دی اور یقین دلایا کہ تمام ملازمین کو دسمبر کی تنخواہ کرسمس سے پہلے ادا کر دی جائے گی-
انہوں نے گرجا گھروں کے اردگرد صفائی کو یقینی بنانے کی بھی یقین دہانی کرائی-انہوں نے کہا کہ مسیحی ایک پر امن قو م ہیں جنہوں نے ہمیشہ پاکستان اور ساہیوال کی ترقی میں اپنا کردار ادا کیا جسے سراہا جانا چاہیے-تقریب کے اختتام پر کرسمس کیک کاٹا گیا اور مذہبی نغمے گائے گئے جس میں تمام شرکاءنے حصہ لیا.