ساہیوال : کرونا وبا کے دوران خدمات پر نرسز کے اعزاز میں تقریب وگارڈ آف آنر

ساہیوال (چیچہ وطنی نیوز – ارشد فاروق بٹ) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر کرونا وباء کے دوران بہترین خدمات سرانجام دینے اور دکھی انسانیت کی بے لوث خدمت پر نرسزکے اعزاز میں ڈپٹی کمشنر محمد اویس ملک نے اپنے آفس میں ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا.

سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مشتاق احمد سپرا بھی اس موقع پر موجود تھے. ڈپٹی کمشنر محمد اویس ملک نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نرسوں کی اعلیٰ خدمات کا اعتراف ہم پر فرض ہے. کورونا وباء کے دوران نرسوں نے بلا خطر فرائض انجام دیئے.

انہوں نے مزید کہا کہ جب ورثاء بھی ساتھ چھوڑ جاتے ہیں تو نرسیں ہی بیمار کی خدمت کرتی ہیں. اس لئے بیماروں کی صحت یابی میں نرسوں کا کلیدی کردار ہے.

انہوں نے مزید کہا کہ صحت کے شعبہ میں نرسز کے کردار کو جتنا سراہا جائے کم ہے. انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نرسوں کیلئے خصوصی مراعات کا اعلان کر رہے ہیں.

ڈپٹی کمشنر محمد اویس ملک نے کہا کہ پوری دنیا میں نرسنگ کا پیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے. پنجاب حکومت نے نرسوں کا سروس سٹرکچر بھی بہتر بنایا ہے. تقریب میں پولیس کے خصوصی دستے نے نرسوں کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.