آن لائن ارننگ کیسے شروع کریں؟
تحریر : ارشد فاروق بٹ
اکیسویں صدی کے پہلے دو عشروں میں دنیا جس تیزی سے تبدیل ہوئی ہے پورے وثوق سے کہا جا سکتا ہے کہ دنیا میں اس وقت سب سے زیادہ کاروبار آن لائن ہو رہا ہے اور یہ بلاشبہ اکیسویں صدی کی سب سے بڑی انڈسٹری ہے. لیکن پاکستان کا تعلیمی نظام اس تیزی کے ساتھ چل نہیں رہا.
آن لائن ارننگ ایک طرف بے روزگار نوجوانوں کے لیے خوشگوار ہوا کا جھونکا ہے تو دوسری طرف ہمارے تعلیمی نظام میں وہ سکت نہیں کہ ماڈرن تقاضوں کو پورا کر سکے. پچیس برس قبل لکھی گئی کتابوں کے ذریعے طلبا کو متروک علوم سکھائے جا رہے ہیں. اور ہر موضوع سے متعلق صرف ابتدائی معلومات ہی مہیا کی جاتی ہیں.
تاہم اس بحث سے قطع نظر اگر آپ آن لائن ارننگ سے منسلک ہونا چاہتے ہیں تو اس تحریر میں آپ کو فرسٹ ہینڈ انفارمیشن ملیں گی. مندرجہ ذیل ہدایات پر عمل کرنے سے آپ بھی اس ڈیجیٹل پلیٹ فارم سے استفادہ حاصل کر سکیں گے.
1. اپنی انگریزی بہتر بنائیں
آپ نے جو بھی کام شروع کرنا ہے اس کے لیے آپ کو کسٹمرز ایسے چاہئیں جو آپ کو آپ کی مہارت کی اچھی قیمت ادا کر سکیں. چونکہ انگریزی ایک عالمی زبان ہے جو سب سے زیادہ ملکوں میں سمجھی جاتی ہے اس لیے انگریزی میں مہارت آپ کے لیے سونے پہ سہاگا ثابت ہوگی اور آپ کو دنیا کے کئی ممالک میں کاروبار کا موقع فراہم کرے گی.
انگریزی سیکھنے کے لیے لاہور یا کسی بھی بڑے شہر کے سپوکن انگلش ادارے میں دو ماہ لگائیں. اگر یہ مشکل ہے تو کسی انگلش ٹیچر سے کم از کم دو ماہ انگلش گرامر پڑھیں اور انگریزی اخبار کا مطالعہ معمول بنائیں.
2. کسی ہنر میں مہارت حاصل کریں
جب آپ اس قابل ہو جائیں کہ کسی بھی ملک کے کسٹمر سے انگریزی میں بات چیت کر سکیں تو دوسرا مرحلہ کسی ہنر کا سیکھنا ہے، ظاہر ہے وہ آپ کی اچھی انگریزی کی بجائے اس کام کی قیمت ادا کرے گا جو آپ اس کے لیے کر سکتے ہیں. انگریزی میں مہارت کسٹمرز کو قائل کرنے میں مددگار ہوگی.
کچھ مشہور سکلز میں گرافک ڈیزائننگ، فیس بک پروموشنز، انسٹاگرام پروموشنز، یو ٹیوب پروموشنز، گیسٹ پوسٹنگ، کنٹنٹ مارکیٹنگ، سرچ انجن آپٹی مائزیشن، ویب سائٹ ڈیزائننگ اور ڈیجیٹل مارکیٹنگ کی کئی ایک سروسز شامل ہیں.
3. مارکیٹ ، پلیٹ فارم تلاش کریں
آپ نے انگریزی بھی سیکھ لی، ہنر بھی حاصل کر لیا، اب مارکیٹ یا پلیٹ فارم تلاش کریں جہاں آپ نے اپنی سروسز فروخت کرنی ہیں. فیس بک، یوٹیوب، فائیور، اپ ورک، فری لانسر سمیت کئی پلیٹ فارمز پر کروڑوں کسٹمرز موجود ہیں جو آپ کے انتظار میں ہیں.
4. گوگل اور یوٹیوب کو استاد کریں
آپ کے ہر سوال کا جواب گوگل یا یوٹیوب پر ٹیوٹوریلز کی صورت میں موجود ہے. لوگوں کے پیچھے پھرنے کی بجائے تحقیق کی عادت ڈالیں. اوپر بتائی گئی تمام سکلز اور پلیٹ فارمز سے متعلق آپ گوگل اور یوٹیوب پر سیکھ سکتے ہیں.
5. مستقل مزاجی اور محنت
کوئی بھی کام ایک دن میں نہیں ہوتا. آپ کو صبر کے ساتھ مستقل مزاجی کو اپنانا ہوگا. ایک ہی دن میں دس گھنٹے کام کرنے اور پھر پورا ہفتہ ضائع کرنے سے بہتر ہے روزانہ کی بنیاد پر دو تین گھنٹے لگائے جائیں. اپنے آپ کو بدلتے تقاضوں کے مطابق اپڈیٹ رکھیں.
6. نقصان برداشت کرنے کا حوصلہ رکھیں
کچھ تجربات فائدے کی بجائے نقصان میں جاتے ہیں. لیکن ایسے تجربات ہی آپ کو مارکیٹ میں کامیاب کرتے ہیں. نقصان سے دلبرداشتہ نہ ہوں. کہتے ہیں نا کہ عقل بادام کھانے سے نہیں، دھوکہ کھانے سے آتی ہے.
7. دھوکے بازوں سے ہوشیار رہیں
لالچ انسان کو اندھا کر دیتا ہے. گریڈی ڈاگ سٹوری ہم سب نے پڑھی ہوئی ہے. لیکن عملی زندگی میں ہم پھر بھی باز نہیں آتے اور لالچ میں آکر اچھا خاصا نقصان کر ڈالتے ہیں. غیر معمولی آفر کرنے والے کسٹمرز سے ہوشیار رہیں. آن لائن ارننگ کا منجن بیچنے والی اکیڈمیز سے بھی ہوشیار رہیں جو بے روزگاروں کی جیبوں کا صفایا کر رہی ہیں.
آن لائن ارننگ شروع کرنے کے لیے یہ چند ایک ہدایات اور بنیادی معلومات تھیں. ایسے نوجوان جو بے روزگار ہیں اور نوکری کی تلاش میں ہیں وہ اپنا وقت ان مثبت سرگرمیوں میں صرف کر کے نہ صرف خود کما سکتے ہیں بلکہ آپ دوسروں کے لیے بھی روزگار کا باعث بن سکتے ہیں.