پاکستان ویمن ایسوسی ایشن قطر کے زیرِانتظام تقریب یومِ پاکستان

رپورٹ : مراد علی شاہد دوحہ قطر

پاکستان ویمن ایسوسی ایشن قطر تعمیری و مثبت سوچ کی حامل ایک ایسی تنظیم ہے جس کا مقصد پاکستانی کمیونٹی کی خواتین کوایسا تعمیری پلیٹ فارم مہیاکرنا ہے،جس پر عمل پیرائی سے وہ معاشرہ میں اپنا مثبت ،تعمیری،اخلاقی و معاشرتی کردار ادا کر سکے۔

اس سلسلہ میں ایسوسی ایشن خواتین میں موجود ہنر کو مزید تقویت فراہم کرنے کے لئے کھا نا بنانے کے مقابلہ جات،معاشرہ میں خواتین کے کردارپر ورک شاپ اور میک اپ کے مقابلہ جات کا انعقاد باقاعدگی سے کرواتی رہتی ہے۔یوم پاکستان و دس سالہ یومِ تاسیس پاکستان ویمن ایسوسی ایشن نے ایک مقامی ریسٹورنٹ میں منعقد کیا ،جس میں مسز اسما،مسز عابدہ تاج،اور مسزشاہدہ برکی نے سفارتخانہ پاکستان سے خصوصی شرکت فرما ئی راحت منصوربانی چئیر پرسن (جو خود ایک بزنس ویمن ہیں اور گذشتہ پندرہ سال سے قطر میں پاکستانی خواتین کی خدمت میں پیش پیش ہیں) نے خطبہ استقبالیہ دیتے ہوئے تمام حاضرین کی آمد کا شکریہ ادا کرتے ہو ئے کہا کہ آپ سب خواتین کی موجودگی اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ حب الوطنی میں پاکستانی خواتین کسی طور بھی کم نہیں ہیں۔

ہم تمام خواتین کو مل کر پاکستان کی معاشی و معاشرتی ترقی میں اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہے،کیونکہ ہماری بقا ،استحکام پاکستان میں ہی مضمر ہے۔دورانِ تقریب تمام ممبران خواتین میں تحائف بھی تقسیم کئے گئے،کیک کاٹا گیا اور ساتھ ہی ساتھ مشہور زمانہ ملی نغمہ دل دل پاکستان گا کر حب الوطنی کے جذبہ کو مزید اجاگر کیا گیا۔

تقریب کے اختتام پر مسز حمیرا طاہر نے سب مہمانان کی آمد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں تمام خواتین کا شکریہ ادا کرتی ہوں جو پاکستان کی پیار اور حب الوطنی کی خاطر یہاں تشریف لائیں،اور امید کرتی ہوں کہ پاکستان کی فلاح و بہبود میں ہم اپنا مثبت اور تعمیری کردار ہمیشہ ادا کرتے رہیں گے، پاکستان زندہ باد۔

اس کیٹیگری سے مزید خبریں پڑھیے
اپنی رائے کااظہار کیجئے

Your email address will not be published.