پاکپتن : درخواست دینے کی رنجش پر ملزمان کا خاتون پر تشدد

پاکپتن ( چیچہ وطنی نیوز – ارشد فاروق بٹ ) پاکپتن کے نواحی گاؤں50 ای بی میں درخواست دینے کی رنجش پر ملزمان نے نہتی باپردہ خاتون اور اس کے بھائی پر تشدد کیا اور گلیوں میں گھسیٹتے رہے.

تھانہ صدر پولیس بااثر ملزمان کو گرفتار کرنے سے گریزاں ہے. تشدد کی ویڈیو بھی منظر عام پر آگئی ہے. ویڈیو میں ملزمان کو تشدد کرتے واضح دیکھا جا سکتا ہے.

تفصیلات کے مطابق پاکپتن کے علاقے 50 ای بی میں درخواست دینے کی رنجش پر خاتون اور اس کے بھائی پر بااثر ملزمان نے بہیمانہ تشدد کیا اور ملزمان خاتون کے بھائی کو رسیوں سے باندھ کر گاؤں کی گلیوں میں گھسیٹتے رہے.

متاثرہ خاتون یاسمین بی بی کے مطابق اس نے اپنے ہی گاؤں کے افراد کو دو عدد گائے پالنے کے لیے دیں. ملزمان نے دونوں گائے چپکے سے فروخت کر دیں. متاثرہ فیملی کو گائے فروختگی کا علم ہوا توخاتون کے شوہر نے پولیس کو درخواست دی.

جس کی رنجش پر بااثر ملزمان نے خاتون کو گاؤں کی گلی میں ہی پکڑ کر تشدد کرنا شروع کر دیا. ملزمان نے تشدد کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر بھی وائرل کر دی.

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کس طرح بااثر افراد نہتی باپردہ خاتون اور اس کے بھائی پر تشدد کر رہے ہیں. متاثرہ خاتون کا بھائی نوید بہن کو بچانے موقع پر پہنچا توملزمان نے متاثرہ خاتون کے بھائی کو بھی رسیوں سے باندھ کر بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا.

متاثرہ فیملی کی انصاف کے لیے دہائیاں. متاثرہ فیملی کا کہنا ہے کہ ایس ایچ او تھانہ صدر چوہدری وقاص نے ملزمان سے ساز باز ہو کر معمولی نوعیت کا مقدمہ درج کر کے ملزمان کو آزاد چھوڑ دیا ہے.

پولیس نے ملزمان سے ہماری گائیں بھی برآمد نہیں کروائیں. متاثرہ فیملی نے آئی جی پنجاب اور ڈی پی او نصیب اللہ سے تشدد میں ملوث بااثر ملزمان کو گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچانے کی اپیل کی ہے.

اس کیٹیگری سے مزید خبریں پڑھیے
اپنی رائے کااظہار کیجئے

Your email address will not be published.