پرنسپل ڈی پی ایس ساہیوال کے کنٹریکٹ میں ایک سال کی توسیع
ساہیوال (چیچہ وطنی نیوز – ارشد فاروق بٹ) ساہیوال ایجوکیشنل ٹرسٹ کے بورڈ آف ٹرسٹیز نے پرنسپل ڈی پی ایس بریگیڈئر (ر) سید انوار الحسن کرمانی کے کنٹریکٹ میں 30 جون 2023 تک ایک سال کی توسیع کرنے کی منظوری دے دی ہے تاکہ راوی کیمپس کی تعمیر کا جاری ترقیاتی کام بروقت مکمل ہو سکے۔
یہ منظوری بورڈ کے خصوصی اجلاس میں دی گئی جس کی صدارت ٹرسٹ کے چیئرمین اور کمشنر ساہیوال ڈویژن علی بہادر قاضی نے کی. جبکہ ٹرسٹ کے سیکرٹری اور ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، اے ڈی سی فنانس یاسر فرید اور بورڈ ممبران پروفیسر قمر الزماں خان، چوہدری سلطان محمود، شیخ محمد یونس، سید افتخار حسین شاہ اور حبیب جیلانی وینس نے بھی اجلاس میں شرکت کی.
کمشنر علی بہادر قاضی اور بورڈ کے تمام ممبران نے بریگیڈئر (ر) سید انوار الحسن کرمانی کی سکول کیلئے بے لوث خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ان کی انتظامی صلاحیتوں کی بدولت ڈی پی ایس نے مسلسل نصابی اور ہم نصابی کامیابیاں حاصل کیں. اور یہاں سے فارغ التحصیل ہونے والے طلبہ و طالبات زندگی کے تمام شعبوں میں شاندار خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔
کمشنر علی بہادر قاضی نے امید ظاہر کی کہ کنٹریکٹ میں اس توسیع سے راوی کیمپس کے بوائز سیکشن کا تعمیراتی کام بروقت مکمل ہو جائے گا اور اگلے تعلیمی سال سے کلاسز کا اجراء ممکن ہو گا۔
پراجیکٹ ڈائریکٹر حبیب جیلانی وینس نے بتایا کہ بوائز سیکشن کا گرے سٹرکچر مکمل ہو چکا ہے اور اب فنشنگ کا کام شروع کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نرسری بلاک کی تعمیر کیلئے ڈرائنگ ورک بھی شروع کر دیا گیا ہے تاکہ اس کی تعمیر بھی جلد شروع کی جا سکے۔