ادیبہ مبارک کیس: تحریک احساس کا بروز جمعہ احتجاج کا اعلان
چیچہ وطنی ( چیچہ وطنی نیوز – 18 دسمبر 2021 – ارشد فاروق بٹ ) ضلع ساہیوال کی پہلی رجسٹرڈ سیاسی جماعت تحریک احساس پاکستان 24 دسمبر بروز جمعہ ادیبہ مبارک کی عدم بازیابی، یوسف جمال ٹکا کے قاتلوں کی عدم گرفتاری اور شہر میں ہونے والی چوریوں اور ڈکیتیوں کیخلاف احتجاج کرے گی۔ احتجاج بعد نماز مغرب بابا فرید گیٹ نزد گھنٹہ گھر چوک کیا جائے گا۔
تحریک احساس پاکستان نے تمام شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اپنے بچوں کیلئے احتجاج میں شرکت کریں تاکہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہوسکے۔
واضح رہے کہ چیچہ وطنی کے نواحی گاؤں 110 سیون آر سے 6 سالہ ادیبہ مبارک ولد مبارک علی انصاری بروز سوموار 22 نومبر شام 6 بجے سے لاپتہ ہے۔
بچی نے سرخ رنگ کے کپڑے پہنے ہوئے تھے۔ بچی گھر سے انڈے خریدنے گئی، لیکن کچھ فاصلے پر ماموں کے بیٹے نے واپس بھیج دیا. تاہم بچی گھر نہیں پہنچی.
بچی کی گمشدگی کا مقدمہ درج ہوا، ایس پی انویسٹی گیشن میڈم شاہدہ نورین اور ڈی پی او ساہیوال نے بھی گاوں کا دورہ کیا۔ بعد ازاں گمشدہ بچی کا باپ آر پی او کی کھلی کچہری میں بھی پیش ہوا لیکن تاحال پولیس بچی کو تلاش نہیں کر سکی۔
دوسرا حل طلب کیس انجمن تاجران چیچہ وطنی کے سابق صدر یوسف جمال ٹکا شہید کا ہے جن کو دن دیہاڑے گرلز کالج روڈ پر قتل کر دیا گیا تھا اور ایک سال گزرنے کے بعد بھی پولیس انکے قاتلوں کو گرفتار نہیں کر سکی۔
شہر میں چوریاں اور ڈکیتیاں عروج پر ہیں اور اب پرائیویٹ ہسپتال بھی ڈاکوؤں کے نشانے پر ہیں۔ چیچہ وطنی پولیس کی اس نااہلی پر تحریک احساس پاکستان شہریوں کے ساتھ احتجاج ریکارڈ کرائے گی تاکہ بدحال شہر کی آواز اقتدار کے ایوانوں میں پہنچائی جا سکے۔