ساہیوال : رائے حسن نواز کی پنجاب کلچرل ڈے تقریبات میں شرکت

ساہیوال (چیچہ وطنی نیوز – ارشد فاروق بٹ) تحریک انصاف کے سینئر رہنما رائے حسن نواز خان نے کہا ہے کہ پنجاب کی دھرتی امن، محبت اور بھائی چارے کی دھرتی ہے جس نے ہمیشہ لوگوں کو مل جل کر رہنے کی ترغیب دی۔
ہماری ثقافت اپنی رنگا رنگی کے ساتھ دنیا بھر میں پنجاب کی خاص پہچان ہے۔ انہوں نے یہ بات پنجاب کلچرل ڈے کے موقع پر ساہیوال آرٹس کونسل کے زیر اہتمام تقریبات میں شرکت کے موقع پر کہی۔ تحریک انصاف کے رہنما شکیل خان نیازی اور سید رضوان مظفر بھی ان کے ہمراہ تھے۔
ساہیوال آرٹس کونسل کے ڈائریکٹر ڈاکٹر سید ریاض ہمدانی نے ان کا استقبال کیا اور دن کی مناسبت سے بنائے گئے سٹالز دکھائے۔ انہیں پھولوں سے سجائی ہوئی بگھی میں پنڈال لایا گیا۔ رائے حسن نواز خان نے پنجاب کلچرل ڈے منانے کیلئے ساہیوال آرٹس کونسل کے ڈائریکٹر سید ریاض ہمدانی کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ اس دن سے نوجوان نسل اپنی تہذیب و ثقافت سے روشناس ہوگی بلکہ پنجابی ثقافت کا دوبارہ احیا بھی ممکن ہو گا۔