ساہیوال آرٹس کونسل کے زیر اہتمام پنجاب ٹیلنٹ ہنٹ کے ضلعی سطح کے مقابلوں کا انعقاد
ساہیوال ( چیچہ وطنی نیوز – ارشد فاروق بٹ) ساہیوال آرٹس کونسل کے زیر اہتمام پنجاب ٹیلنٹ ھنٹ کے ضلعی سطح کے مقابلے گورنمنٹ امامیہ کالج میں منعقد ہوئے.
مقابلوں میں نوجوانوں اور کالجز کے طلباء و طالبات نے موسیقی، مصوری، دستکاری، لوک رقص، ادب اور تھیٹر میں اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔
تقریب کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر محمد اویس ملک تھے جبکہ مہمانان اعزاز میں پی ایچ اے کے چیئرمین چوہدری علی شکور، رہنماتحریک انصاف شیخ محمد چوہان، ڈائریکٹر کالجز محمد مسعود فریدی، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز شباب فاطمہ، پرنسپل گورنمنٹ امامیہ کالج پروفیسر محمد شہزاد رفیق، وائس پرنسپل سلیم خان بلوچ اور سابق ڈائریکٹر کالجز قاضی عبدالناصرتھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر محمد اویس ملک نے کہا کہ پنجاب ٹیلنٹ ھنٹ کے مقابلے نوجوانوں کی مختلف شعبوں میں صلاحیتوں کو جلا بخشنے اور انہیں اظہار کا عمدہ پلیٹ فارم ہے جس کیلئے ڈائریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل ڈاکٹر سید ریاض ہمدانی اور آرٹس کونسل مبارک باد کی مستحق ہے۔
انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں طلباء و طالبات کو نصابی تعلیم کے ساتھ ساتھ ہم نصابی سرگرمیوں میں بھی بھرپور مواقع فراہم کرنے چاہیں۔
ڈپٹی کمشنر محمد اویس ملک نے کہا پنجاب ٹیلنٹ ھنٹ کے مقابلے کرانے پر وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو خراج تحسین پیش کیا جن کے ویژن کے مطابق پنجاب کے نوجوانوں کو مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملا۔
پی ایچ اے کے چیئرمین چوہدری علی شکور اور شیخ محمد چوہان نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان نوجوانوں کو مختلف شعبوں میں آگے بڑھنے کیلئے یکساں مواقع فراہم کر رہے ہیں جن میں خود روزگار کیلئے قرضوں کی فراہمی، انٹرن شپ کی آفر اور مختلف صلاحیتوں کے اظہار کا پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے۔
ان مقابلوں کے نظامت کے فرائض الطاف سومرا نے انجام دیئے۔ ضلعی سطح کے پنجاب ٹیلنٹ ھنٹ کے لوک رقص مقابلوں میں رمضان اینڈ ٹیم نے پہلی، جمشید اینڈ ٹیم اور اکبر علی اینڈ ٹیم نے بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔
تھیٹر کے مقابلوں میں وقارحسن اینڈ ٹیم نے پہلی، صفدر وقاص اینڈ ٹیم نے دوسری اور لیاقت علی اینڈ ٹیم نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ ٹیموں نے بالترتیب وارث، امن اور پاکستان اور اثاثے کے عنوان سے ڈرامے پیش کیے۔
اسی طرح لٹریچر کے مقابلوں میں کاشف حنیف، عنیزہ خان اور فریال گوہر نے بالترتیب پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔ دستکاری کے مقابلوں میں آمنہ اکرم، عظمیٰ صابر اور فائقہ اسحاق نے پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔
پنجاب ٹیلنٹ ھنٹ مقابلوں کی سب سے پاپولر کیٹیگری گلوکاری میں نزاکت علی، محمد عمران اور اعجاز حیدر نے اول، دوم اور سوئم پوزیشن حاصل کی۔ ان مقابلوں کے فاتح 14اپریل کو ڈویژنل سطح کے مقابلوں میں اپنے اپنے ضلع کی نمائندگی کریں گے۔