چیچہ وطنی کو ماڈل سٹی بنانے کے لیے اربوں روپے کے منصوبے جاری ہیں، رائے برادران

چیچہ وطنی ( چیچہ وطنی نیوز – ارشد فاروق بٹ) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما رائے حسن نواز خاں اور ممبر قومی اسمبلی رائے مرتضیٰ اقبال ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ شہر اور تحصیل کو ماڈل بنانے کیلئے اربوں روپے کے فنڈز سے ترقیاتی کام جاری ہیں.

وزیر اعظم پاکستان عمران خاں اور وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے جو چیچہ وطنی کے عوام سے وعدے کئے تھے وہ سب وعدے پورے کر رہے ہیں.

8 کروڑ روپے کی لاگت سے اوکانوالہ جدید کارپٹ روڈ، خوبصورت ڈیوائڈر ، ایچ ڈی لائٹس اور 12 کروڑ روپے کی لاگت سے ٹراما سینٹر کی تعمیر جاری ہے.

اسی طرح شہر اور تحصیل بھر میں تیزی سے ترقیاتی کام ہو رہے ہیں. 29 کروڑ روپے کی لاگت سے اندرون شہر کارپٹ جی ٹی روڈ بنائی جا رہی ہے.

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیلس چوک شہر والا پل پر اوکانوالہ کارپٹ روڈ اور تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال چیچہ وطنی میں ٹراما سینٹر کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا.

اس موقع پر بیرسٹر رائے محمد اقبال احمد خاں، سابق چیئرمین رانا محمد اجمل خاں، ایم ایس تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال ڈاکٹر کاظم حیات وتھرا، ضلعی چیئرمین عشرو زکوة کمیٹی چوہدری عمران احمد کمبوہ، صوبائی رہنما چوہدری فیاض حسن کمبوہ، صوبائی رہنما راﺅ محمد اسلم سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ تحصیل چیچہ وطنی پنجاب بھر میں مثالی اور ماڈل تحصیل بنے. ہم شہر کی بہتری اور خوبصورتی کیلئے اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہے ہیں.

ہماری سیاست کا مقصد عوامی خدمت ہے ہمارے دروازے غریب مظلوم عوام کیلئے چوبیس گھنٹے کھلے رہتے ہیں. یہی وجہ ہے کہ عوام ہمیں بھاری اکثریت سے کامیاب کرواتے ہیں۔ تقریب میں سٹیج سیکرٹری کے فرائض سید عابد گیلانی نے ادا کئے.

اس موقع پر رائے مرتضی اقبال نے سیاسی حالات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ قائد اعظم کے بعد عمران خان جیسا لیڈر پاکستان کو خوش قسمتی سے ملا ہے. اس وقت مشکل سیاسی حالات ہیں. عمران خان کے ساتھ اگر ایک ووٹ بھی ہوگا تو وہ اہلیان چیچہ وطنی کا ہوگا. ہم اپنے لیڈر کے ساتھ کھڑے ہیں.

اس کیٹیگری سے مزید خبریں پڑھیے
اپنی رائے کااظہار کیجئے

Your email address will not be published.