پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی رہنما بیرسٹر رائے محمد اقبال خاں کی سیاست میں انٹری

چیچہ وطنی ( چیچہ وطنی نیوز – ارشد فاروق بٹ ) پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی رہنما بیرسٹر رائے محمد اقبال خاں نے کہا ہے کہ ہمیں اپنے بچوں کی اعلیٰ تعلیم تربیت کے لیے انہیں ساز گار ماحول دینا چاہیے . تاکہ ہماری آنے والی نوجوان نسل کو صحت مندانہ سرگرمیوں میں مشغول کیا جا سکے.
ان خیالات کااظہار انہوں نے آل پنجاب دیہاتی کبڈی ٹورنامنٹ چک نمبر 23 گیارہ ایل میں فائنل میچ میں کھلاڑیوں میں تقریب تقسیم انعامات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا.
اس موقع پر چیف کنٹرولر ٹورنامنٹ چوہدری احسان بھٹی، سینئر نائب صدر پاکستان تحریک انصاف راؤ اسلم، سابق جنرل سیکرٹری چیچہ وطنی پریس کلب چوہدری غلام دستگیر سہو، سرپرست غازی آباد پریس کلب راجہ نصیر احمد کیانی سمیت سینکڑوں افراد موجود تھے.
انہوں نے کہاکہ کھیلوں کا فروغ ہماری موجودہ حکومت اور ہمارے عظیم کپتان وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی اولین ترجیحات ہیں. کیونکہ اس کے ذریعے ہم اپنے بچوں کو نہ صرف فزیکل ایکٹویٹی کے مواقع فراہم کر سکتے ہیں بلکہ ان میں صحت مندانہ مقابلے کی فضا کو پروان چڑھا سکتے ہیں.
ہمارا مقصد پہلے سے موجود سہولیات کوفعال بنانا اور نئے مواقع پیدا کرنا ہے. ایسے میں چک نمبر 23 گیارہ ایل کے بچوں کےکھیلنے کے گراؤنڈ کوآپریشنل کرنے کے لیے جن چیزوں کی کمی ہے ان کی فوری دستیابی یقینی بنائیں گے.
پہلے بھی اس گراؤنڈ کے رقبے پر ناجائز قابضین کےخلاف میرے والد مرکزی رہنما پاکستان تحریک انصاف رائے حسن نواز خاں، میرے بڑے بھائی ممبر قومی اسمبلی رائے مرتضیٰ نے چوہدری احسان بھٹی کے ساتھ مل کرڈٹ مقابلہ کیا.
اور آج یہ رقبہ خالی کروا کر اپنے بچوں کے کھیلنے کےلیے وقف کر دیا ہے. آئندہ بھی اس کی بہتری کے لیے پوری کوشش جاری رکھیں گے. آخر میں کنٹرولر ٹورنامنٹ احسان بھٹی نے گرونڈ کارقبہ خالی کروانے پر مرکزی رہنما رائے حسن نواز خاں، کمشنر ساہیوال، ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر چیچہ وطنی ملک ظہور احمد اعوان کا شکریہ ادا کیا. انہوں نے اپنے گاؤں کی ٹیم کو ٹورنامنٹ جیتنے پر مبارک باد پیش کی.