ڈی سی آفس ساہیوال میں عوامی ریونیو خدمت کچہری کا انعقاد

ساہیوال (چیچہ وطنی نیوز – ارشد فاروق بٹ) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر صوبہ بھر کی طرح ساہیوال ڈویژن میں بھی عوام کے ریونیو سے متعلق مسائل کے حل کیلئے عوامی ریونیو خدمت کچہری کا انعقاد کیا گیا۔

کمشنر ساہیوال ڈویژن علی بہادر قاضی اور ڈپٹی کمشنر محمد اویس ملک نے ڈی سی آفس میں منعقدہ ریونیو عوامی خدمت کچہری میں عوام کے مسائل سنے اور ان کے حل کیلئے موقع پر احکامات جاری کیے۔

اے ڈی سی آر عاصم سلیم، اسسٹنٹ کمشنرسرمد حسین کے علاوہ تحصیلدار، قانونگو، پٹواری عملہ لینڈ ریکارڈ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کمشنر علی بہادر قاضی نے کہا کہ ریونیو عوامی خدمت کچہری کا مقصد سائلین کی شکایات کا ایک چھت تلے ازالہ کرنا ہے جس میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی اولین ترجیح عوام کو سہولیات فراہم کرنا ہے اور اس حوالے سے سائلین کی سہولت کیلئے ریونیو عوامی خدمت کچہری اب ہر ماہ کے پہلے دو ورکنگ ایام میں لگائی جارہی ہے۔

ڈپٹی کمشنر محمد اویس ملک نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریونیو عوامی خدمت کچہری حکومت پنجاب کا انقلابی اقدام ہے جہاں ریونیو سے متعلق عوام کے مسائل ایک ہی چھت تلے حل کئے جاتے ہیں۔

انہوں نے ریونیو سٹاف کو ہدایت کی کہ وہ عوام تک رسائی آسان بنائیں تاکہ ریونیو سے متعلق ان کے مسائل کو فوری حل کیا جا سکے اور کھلی کچہری لگانے کا مقصد پورا ہو سکے۔

ریونیو عوامی خدمت کچہری میں ٹوٹل 63 درخواستیں وصول ہوئیں جو کہ درستگی ریکارڈ، رجسٹری، انتقالات کے اندراج اور ریونیو سے متعلق دیگر معاملات بارے تھیں۔ ان درخواستوں میں سے زیادہ تر کو موقع پر ہی حل کر دیا گیا۔

اس کیٹیگری سے مزید خبریں پڑھیے
اپنی رائے کااظہار کیجئے

Your email address will not be published.