آر پی او ساہیوال کا دورہ چیچہ وطنی اور کھلی کچہری کا انعقاد
چیچہ وطنی ( چیچہ وطنی نیوز – 11 دسمبر 2021 – ارشد فاروق بٹ ) آر پی او ساہیوال ڈاکٹر معین مسعود نے تھانہ سٹی اور تھانہ صدر چیچہ وطنی کا وزٹ کیا۔ ڈی پی او ساہیوال صادق بلوچ نے آر پی او ساہیوال ڈاکٹر معین مسعود کا استقبال کیا ۔
آر پی او ساہیوال نے ڈی پی او ساہیوال صادق حسین بلوچ کے ہمراہ تھانہ سٹی چیچہ وطنی اور تھانہ صدر چیچہ وطنی کا وزٹ کیا اور کھلی کچہری لگائی۔
آر پی او نے کھلی کچہری میں درخواست گزاروں کی شکایات سنیں اور شکایات کے ازالے کے لئے متعلقہ افسران کو احکامات جاری کیے۔
آر پی او ساہیوال کا کہنا تھا کہ میرے دفتر کے دروازے عوام الناس کے لیے ہر وقت کھلے ہیں اور عوام الناس کے مسائل کو حل کرنا میری اولین ترجیح ہے۔
آر پی او ساہیوال نے گمشدہ بچی ادیبہ کے والدین سے بھی ملاقات کی اور بتایا کہ پولیس اپنی پوری کوشش کر رہی ھے۔ ہم جلد ہی معصوم بچی کو بازیاب کروا لیں گے۔
آر پی او ساہیوال نے انجمن تاجران، امن کمیٹی کے ممبران اور صحافیوں سے بھی گفتگو کی۔ صدر مرکزی انجمن تاجران حافظ ساجد محمود نے انجمن تاجران کی نمائندگی کرتے ہوئے اپنے خطاب میں تاجروں کے مسائل، سیکیورٹی اور خصوصاً چور خواتین کے بڑھتے ہوئے گروہ سے آر پی او ساہیوال کو آگاہ کیا۔
صدر انجمن تاجران نے چیچہ وطنی بازاروں میں پولیس پٹرولنگ اور لیڈیز پولیس کی تعیناتی کا مطالبہ بھی کیا۔ انہوں نے سابق صدر مرکزی انجمن تاجران مرحوم یوسف جمال ٹکا کے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے ایک کمیٹی بنانے کا بھی مطالبہ کیا۔ وہ کمیٹی صرف یوسف جمال ٹکا کے قاتلوں کا سراغ لگائے گی۔
کھلی کچہری میں ڈی ایس پی رانا افتحار احمد، ایس ایچ او تھانہ سٹی اعجاز احمد بھٹی، جہانزیب وٹو تھانہ صدر، ملک غلام عباس تھانہ شاہکوٹ، اطہر رشید تھانہ کسووال، غلام عباس تھانہ غازی آباد اور شیخ آفتاب تھانہ اوکانوالہ بنگلہ نے بھی شرکت کی۔